ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے ہفتہ کوڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں فری میڈیکل اینڈ سرجیکل کیمپ کا انعقاد کیاگیا ،ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ

ہفتہ 28 مئی 2022 23:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلو چستان کے ترجمان ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے ہفتہ کو ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں فری میڈیکل اینڈ سرجیکل کیمپ کا انعقاد کیاگیا جس میں مختلف شعبوں کے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز نے 600 مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور پیچیدگیوں کا شکار مریضوں کو سنڈیمن پراونشل ہسپتال کوئٹہ ریفر کیا گیا ، ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ نے کہا کہ فری میڈیکل اینڈ سرجیکل کیمپ میں ٹی بی، کالا یرکان، دما، امراض قلب، شوگر کے مریض، اعصابی امراض کے شکار مریضوں ، نشے کے عادی مریض ، کمر درد، ہڈی جوڑ، ناک کان گلا کے امراض میں مبتلا مریضوں ، گائنی کے مریضوں اور شعبہ اطفال کے مریضوں سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا معائنہ ، تشخیص اور علاج فراہم کیا گیا، ینگ ڈاکٹرز ڈسٹرکٹ جیل فری میڈیکل اینڈ سرجیکل کیمپ کا مقصد مختلف بیماریوں میں مبتلا قیدیوں کے مرض کی تشخیص اور علاج فراہم کرنا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ ٹی بی، کالا یرکان، ایڈز جیسی جان لیوا بیماریوں سے متعلق قیدیوں کو آگاہی فراہم کرنا تھا ، ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی نے کہاکہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی قیادت نے قیدیوں کی ابتر صحت کے پیش نظر مہینے میں ایک دن ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر جیلوں میں فری میڈیکل اینڈ سرجیکل کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے بھر کے دور دراز علاقوں میں غریب عوام کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت بلوچستان کے اشتراک سے صوبہ بلوچستان کے ہر ڈسٹرکٹ میں فری میڈیکل اینڈ سرجیکل کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہاکہ ینگ ڈاکٹرز کی قیادت نے اس عزم کا اظہار ہے کہ بہت جلد صوبے بھر میں فری میڈیکل اینڈ سرجیکل کیمپ کے انعقاد کا عمل شروع کیا جائے گا جہاں مختلف شعبوں کے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز غریب مریضوں کا مفت طبی معائنہ اور علاج فراہم کریں گے، انہوں نے فری میڈیکل اینڈ سرجیکل کیمپ کے انعقاد کو ممکن بنانے میں منسٹر ہیلتھ، سیکرٹری صحت ، سنڈیمن پراونشل ہسپتال کوئٹہ کی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کوئٹہ، ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ سمیت تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔