ضلع خضدار میں پولنگ کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر خضدا ر

ہفتہ 28 مئی 2022 23:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2022ء) خضدار میں بلدیاتی الیکشن کے لئے ووٹ29مئی کو ڈالے جارہے ہیں۔وسیع وعریض اوردور دراز علاقوں پر مشتمل ضلع خضدار میں پولنگ کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر خضدا ر/ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر خضدارمیجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھاکہ محتاط اندازے کے مطابق خضدار کی آبادی دس لاکھ افر اد پر مشتمل ہے۔

خضدار ڈسٹرکٹ میں 53یونین کونسلز اور ایک میونسپل کارپوریشن و 3میونسپل کمیٹیز کے لئے الیکشن ہورہاہے۔ جس کے لئے کل 534پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ 50مرد اور 50پولنگ اسٹیشنز خواتین کے لئے مختص ہیں جب کہ 434مشترکہ پولنگ اسٹیشنز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ 100پولنگ اسٹیشنز پر امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں 534پولنگ اسٹیشنز میں سے 250پولنگ اسٹیشنز کافی حساس ہیں،بلدیاتی انتخابات کے لئے سیکورٹی کے موثر انتظامات کرلئے گئے ہیں پاک فوج ایف سی لیویز پولیس و دیگر قانون نافذ ادا کرنے والے اداروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اورسیکیورٹی کیلئے 2000نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

۔ ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی نے خضدار میں اعدادو شماربتاتے ہوئے کہاکہ کل ووٹرز 289505ہیں جن میں سے 162649مرد اور126856خواتین ووٹرز ہیں۔ ڈسٹرکٹ بھر کے 53یونین کونسلز ہیں جب کہ تحصیل خضدارکو میونسپل کارپوریشن کی حیثیت حاصل ہے۔ تحصیل وڈھ تحصیل زہری تحصیل نال میونسپل کمیٹیاں ہیں۔ڈپٹی کمشنر خضدا رمیجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھاکہ گزشتہ شب اور آج ہفتے کو ہمارا مصروف دن رہاہے۔

آر اوز اسسٹنٹ کمشنرز اور میں خود مل کر انتظامات کی نگرانی کرتے رہے۔ پریذائیڈنگ آفیسرز اور ان کے عملے لسٹ، ووٹ بک، الیکشن بکس سمیت دیگر ضروری سامان دیکر انہیں ان کے پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ کردیا گیاہے۔خضدار کے دور دراز علاقے سارونہ شاہ نورانی آڑینجی کودہ کوڑاسک گریشہ اورناچ تحصیل زہری کرخ گاج کلاچی اور دیگر علاقوں کے لئے متعین انتخابی عملے کور وانہ کردیا گیا ہے جبکہ قرب وجوار کے عملہ بھی روانہ ہونے والاہے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھاکہ خضدار میں سیکورٹی کے انتظامات کے لئے موثر انتظامات کر لئے گئے ہیں ووٹر انتخابی عمل کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے دوہزار سیکورٹی اداروں کی نفری پورے ڈسٹرکٹ میں تعینات اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے چاک و چوبند ہیں۔