ہارر تھرلر پاکستانی فلم ’کرما‘ کا پہلا ٹریلر ریلیز

ہفتہ 28 مئی 2022 23:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) طویل تاخیر کے بعد آخرکار فلم ساز کاشان ادمانی کی ہارر تھرلر فلم ’کرما‘ کا پہلا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے جلد ریلیز کرنے کا عندیہ دے دیا گیا۔’کرما‘ میں عدنان صدیقی، ڑالے سرحدی، نوین وقار، اسامہ طاہر، پارس مسرور، وجدان شاہ، ارجمند رحیم، خالد انعم اور ایمان خان کے علاوہ دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

فلم کی کہانی فواد حئی نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اسے پروڈیوس کیا ہے جب کہ سینماٹوگرافی کی ذمہ داریاں فرحان نے ادا کی ہیں، جنہوں نے فلم کو ہولی وڈ اسٹائل میں فلمانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔فلم کی ٹیم کے مطابق ’کرما‘ کی کہانی چائلڈ لیبر، بدلے، پیڈوفیلیا اور خواتین کو خودمختار بنانے کے علاوہ اسی طرح کے دیگر انتہائی اہم مسائل کے گرد گھومتی ہے۔

(جاری ہے)

جاری کیے گئے ٹریلز سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ شائقین کو اسکرین پر نہ صرف ایکشن بلکہ ہارر اور سسپنس بھی دیکھنے کو ملے گا۔ٹریلر میں خواتین کو بھی منفی کرداروں اور گینگسٹرز کا حصہ دکھایا گیا ہے جب کہ اس میں کراچی کی سڑکوں پر لگڑری کاروں کی ریس کو بھی شاندار انداز میں دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔فلم کے ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے ٹیم نے دعویٰ کیا کہ ’کرما‘ میں پہلی بار پاکستانی شائقین کو ہارر تھرلر فلم میں ایسے مناظر دیکھنے کو ملیں گے کہ وہ ہولی وڈ فلمیں بھول جائیں گے۔فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم عندیہ گیا ہے کہ اسے جلد پیش کردیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :