Live Updates

عمران حکومت کی ناکامی پر حکومت کو آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑا، مریم نواز

اتوار 29 مئی 2022 01:50

بہاولپور، (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2022ء) پاکستان مسلم لیگ نواز کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں کچھ نہیں کیا اور موجودہ حکومت کو مدد کے لئے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف)کے پاس جانا پڑا۔ ہفتہ کویہاں ڈرنگ اسٹیڈیم میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے ذمہ دار سابق وزیراعظم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'یہ عمران خان کی حکومت تھی جس نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کیے تھےجن کے تحت اب مسلم لیگ(ن)کی زیر قیادت حکومت کے پاس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا۔

(جاری ہے)

تاہم ستم ظریفی یہ ہے کہ عمران خان قیمتوں میں اضافے، ڈالر کی قیمت اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بھی شور مچا رہے ہیں جبکہ عمران نے اپنے دور حکومت میں ایسے معاملات پر خاموشی کیوں اختیار کی؟ ۔

مسلم لیگ( ن )کی رہنما نے کہا کہ عمران خان اپنے سیاسی فائدے کے لیے مذہبی کارڈ استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص مذہب کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرتا ہے وہ پورے معاشرے کے لیے خطرہ ہے۔مریم نے دعوی کیا کہ پی ٹی آئی رہنما اپنے حالیہ لانگ مارچ کے لیے قابل ذکر لوگوں کو لانے میں ناکام رہے۔ تعداد 25000 سے زیادہ نہیں تھی۔

لانگ مارچ میں کسی بھی شہر سے 200 سے زیادہ لوگ شامل نہیں ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مکمل طور پر ناکام شو تھا۔انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان اداروں کو بدنام کر رہے ہیں اور ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔چاغی کے ایٹمی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ان کے والد نواز شریف تھے جنہوں نے اربوں ڈالر کی امداد کی پیشکش کو ٹھکرا کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

"بھارت نے پانچ ایٹمی تجربات کیے جس کے جواب میں نواز شریف نے بطور وزیر اعظم پاکستان چھ دھماکے کئے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور اب دشمن کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہیں ۔ قوم آج یوم تکبیر منا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی معاملے پر کبھی غیر ملکی دبائو قبول نہیں کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے بطور وزیراعظم بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کیا۔انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم محمد شہباز شریف پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی قیادت میں حکومت جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ علاقہ بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب کا گورنر بہاولپور سے ہوگا۔\932
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات