بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے صنعتی و تجارتی شعبہ متاثر ہوگا‘خادم حسین

بجلی کی پیداوار کیلئے مہنگے ذرائع کی بجائے سستے ذرائع استعمال کیئے جائیں ‘ڈائریکٹر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی

جمعہ 3 جون 2022 14:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2022ء) تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشرباا ضافے معیشت پر ڈرون حملہ ہیں ۔صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ سے اشیاء کی قیمتیں بڑھیں گی جس سے مہنگائی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملکی اشیاء کی مانگ میں کمی کے برآمدات میں کمی تجارتی خسارہ میںاضافہ اور حکومتی ریونیو میں کمی ہوگی۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے لیے مہنگے ذرائع کی بجائے سستے ذرائع استعمال کیے جائیں دیامربھاشا ڈیم کے ساتھ ساتھ کالا باغ ڈیم اور دیگر سستے پن بجلی منصوبے فی الفور شروع کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

کیونکہ تھرمل منصوبوں سے بجلی کے حصول کی بجائے ہائیڈل پاور منصوبوں سے سستی بجلی کا حصول ممکن ہے ۔

پاکستان میں گرین انرجی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے جس سے ملک کو ماحول دوست توانائی اور موسمیاتی تبدیلی اثرات سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے ملک میں روزانہ اوسطاً ساڑھے نو گھنٹے سورج کی روشنی ہوتی ہے جو شمسی توانائی کی بہت بڑی مقدار پیدا کرنے کیلئے کافی ہے انہوںنے کہا کہ حکومت سولر پر عائید اضافی ٹیکسز کو ختم کرتے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ سولر سے بجلی حاصل کریں اور نیٹ میٹرنگ کے ذریعے شمسی توانائی قومی گرڈ میں شامل کریں اسے سے توانائی بحران سے نمٹا جاسکے گا اور ملک سے لو ڈ شیڈنگ کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔