Live Updates

پیپلز پارٹی سندھ کا عمران خان کی جانب سے ملک کے تین ٹکڑے ہونے اور اداروں کے متعلق زہر افشانی کے خلاف اتوار کو سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان

عمران خان کے ملک کے تین ٹکڑے ہونے اور ایٹمی اثاثوں سمیت افواج پاکستان کے متعلق بیانات ملک کے خلاف سازش اور بغاوت ہیں ،عدلیہ اور ادارے عمران خان کے بیان کا نوٹس لے کر کاروائی کریں، نثارکھوڑو

جمعہ 3 جون 2022 16:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2022ء) پیپلز پارٹی سندھ نے عمران خان کی جانب سے ملک کے تین ٹکڑے ہونے اور اداروں کے متعلق زہر افشانی کے خلاف کل(اتوار)5 جون کو سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔پیپلز پارٹی سندھ کے صدرسنیٹرنثار کھوڑو نے پارٹی پالیسی بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اتوارکوسندھ کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھرپور احتجاج ریکارڈ کرکے پاکستان کھپے ریلیاں نکالی جائیں گی،جس میں سندھ کے ہر ضلعے میں پارٹی کے تمام ذمہ دار، صوبائی و وفاقی وزراء،مشیران، معاون خصوصی، اراکین قومی،صوبائی اسمبلی و سینیٹ ،ذیلی ونگز سمیت پارٹی کے ورکرز بھرپور شرکت کریںگے۔

نثار کھوڑو نے کہاکہ جو قوتیں چاہتی ہیں کہ پاکستان ٹوٹے عمران خان ان قوتوں کی اس سازش کا حصہ بن چکے ہیں ، عمران خان کے ملک کے تین ٹکڑے ہونے اور ایٹمی اثاثوں سمیت افواج پاکستان کے متعلق بیانات ملک کے خلاف سازش اور بغاوت ہیں اس لئے اعلی عدلیہ اور ادارے عمران خان کے بیان کا نوٹس لے کر کاروائی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسترد لیڈر عمران خان ہر صورت اقتدار میں آنے کے لئے اداروں کو للکار کر ملک کو توڑنے کی باتیں کر رہے ہیں اس لئے اداروں کو خاموشی توڑ کر عمران خان کا یہ تماشہ بند کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ نے ملک بنانے میں کردار ادا کیا اور سندھ ملک بچانے میں کردار ادا کرکے ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گا۔انہوں مزید کہا کہ عمران خان مسولینی، ہٹلر اور راسپوتین کے پیروکار بن کر پاکستان میں قتل، فساد، انتشار پھیلا کر خود کو مسلط کرنا چاہتے ہیں۔نثار کھوڑونے کہاکہ عمران خان کے ملک، افواج پاکستان اور نیوکلیئر اثاثوں کے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہیں۔

عمران خان کاپاکستان کے تین ٹکڑے ہونے کا بیان ملک دشمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک دشمن ایجنڈے پر گامزن ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان اقتدار کے لئے ملک کو ہر قسم کا نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل بینظیر بھٹو کی شہادت کے باجود پاکستان چاہئے کا نعرہ لگایا۔ اس لئے اب تمام جمہوری قوتیں مل کر عمران خان کی ملک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائینگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات