Live Updates

مجھ پرغداری کا مقدمہ قائم کرکے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے‘ نیوٹرل رہنا بھی اچھی بات ہے لیکن ملکی سالمیت زیادہ ضروری ہے.عمران خان

فضل الرحمان نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی سیاست کی اور بیرونی سازش کے تحت یہ امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط ہوئی جب ہماری حکومت گرائی گئی تو ہندوستان میں خوشی منائی گئی.چیئرمین تحریک انصاف کا بونیر میں جلسہ عام سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 3 جون 2022 18:20

مجھ پرغداری کا مقدمہ قائم کرکے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے‘ ..
بونیر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 جون ۔2022 ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھ پر غداری کا مقدمہ قائم کرکے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کو اپنی کرپشن چھپانے کا موقع مل سکے‘ زرداری اس ملک کی بہت بڑی بیماری ہے، پیسے دیکھ کر زرداری کی کانپیں ٹانگنے لگ جاتی ہیں، اسی طرح فضل الرحمان ہے جسے سوچنا چاہیے کہ اسے اللہ نے اتنی ذلت کیوں دی؟ فضل الرحمان نے ہمیشہ ذاتی مفاد کی سیاست کی.

کے بونیرمیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جس کے منہ سے بھارتی جاسوس کلبھوشن کا نام کبھی نہیں نکلا کیوں کہ شریف خاندان کے بھارت کی بزنس کمیونٹی سے تعلقات ہیں، نواز شریف نے کبھی نریندر مودی کے خلاف بات نہیں کی، مودی پاکستان کے آرمی چیف کو دہشت گرد اور وزیراعظم کو دوست کہتا تھا. عمران خان نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل چاہتے ہیں پاکستان کمزور ہو اور ٹوٹے انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی سیاست کی اور بیرونی سازش کے تحت یہ امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط ہوئی جب ہماری حکومت گرائی گئی تو ہندوستان میں خوشی منائی گئی.

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی نریندر مودی کے خلاف بات نہیں کی جبکہ آصف علی زرداری اس ملک کی بہت بڑی بیماری ہیں انہیں پیسے کی بیماری ہے، پیسے دیکھ کر ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں عمران خان نے کہا کہ ڈونلڈ لو کے ذریعے امریکہ نے دھمکی دی کہ عمران خان کو اقتدار سے ہٹا دو اور 7 مارچ کو مراسلہ بھیجا جاتا ہے پھر 8 مارچ کو تحریک عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جاتی ہے.

امریکہ کبھی نہیں چاہتا کہ پاکستان مستحکم ہو انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کو بھی اچانک یاد آ جاتا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت بری ہو گئی اور بہت شور مچایا جاتا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مہنگائی کر دی اور کانپیں ٹانگنے والے بلاول نے ہماری حکومت میں مہنگائی کے خلاف مارچ کیا لیکن امپورٹڈ حکومت نے ڈیڑھ ماہ میں آٹے اور پیٹرول کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دیں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں ہمارے دور میں 3 فیصد اور ان کے دور میں 27 فیصد بڑھیں پٹرول ایک لیٹر ہمارے 3 سال میں 56 روپے 90 پیسے بڑھا انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل چاہتے ہیں پاکستان کمزور ہو اور ٹوٹے اور جب ہماری حکومت گرائی گئی تو بھارت میں ایسے خوشیاں منائی گئیں جیسے شہباز شریف نہیں شہباز سنگھ تھا، شریف خاندان کے بھارت کی بزنس کمیونٹی سے گہرے تعلقات ہیں اس کے باوجود کہ مودی نے کشمیریوں پر ظلم کیا اور نواز شریف نے اسے شادی پر بلایا.

عمران خان نے کہا کہ ان کے دور میں 400 ڈرون حملے ہوئے لیکن ایک بار بھی ان کے منہ سے نہیں نکلا یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اگر میرا پیسہ باہر ہوتا تو کبھی ان کے سامنے ایبسلوٹلی ناٹ نہیں کہہ سکتا تھا امریکی جنگ میں شرکت کر کے ہم نے اپنا نقصان اٹھایا انہوں نے کہا کہ کیا کبھی پہلے کسی نے ایک ہفتے میں پیٹرول 30 روپے مہنگا کیا ؟ آئی ایم ایف ہمیں بھی پیٹرول مہنگا کرنے کا کہتا تھا لیکن ہم نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے ایک بارپھر نیوٹرل سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوٹرل رہنا بھی اچھی بات ہے لیکن ملکی سالمیت بہت ضروری ہے سوویت یونین معاشی بدحالی کی وجہ سے ٹوٹا تھا.

عمران خان نے کہا کہ کیا سزا یافتہ مفرور نواز شریف فیصلہ کرے گا کہ میں غدار ہوں ؟ پاکستان میں شریف اور زرداری خاندان نے30 سال حکومت کی اور آج یہ کوشش کر رہے ہیں عمران خان پر غداری کا مقدمہ کر کے راستے سے ہٹایا جائے یہ نیب کو ختم کرنے جا رہے ہیں اور نیب ختم ہونے سے ان پر اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ختم ہوجائیں گے. انہوں نے کہا کہ ترکی میں شہباز شریف نے اپنے مفرور بیٹے کو بٹھایا ہوا تھا اور جب سے یہ چور آئے ہیں یہ پاکستان کا مذاق اڑا رہے ہیں موجودہ نظام میں چھوٹے چور جیلوں میں اور بڑے چور ایوانوں میں بیٹھے ہیں یہ الیکشن میں دھاندلی کر کے جیتنے کی پوری تیاری کر رہے ہیں اور انہوں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر پہلے سے ہی میچ فکس کیا ہوا ہے.

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ انہوں نے پولیس کو ساتھ ملا کر جھوٹے کیسز بنائے اور 25 کی رات جو ظلم ہوا پہلے اس ملک میں کبھی نہیں ہوا بے دردی سے بچوں اور عورتوں پر شیلنگ کی گئی، پولیس چادر اور چار دیواری کی پروا کیے بغیر گھروں میں گھس گئی انہوں نے کہا کہ کیا سزا یافتہ مفرور نواز شریف فیصلہ کرے گا کہ میں غدار ہوں، پاکستان کے 2 خاندانوں نے 30 سال حکومت کی اور ملک کو مقروض کیا۔

(جاری ہے)

قوم جاگ گئی ہے، چوروں اور غداروں کو پہچان چکی ہے اور یہ کسی طریقے سے عمران خان کو راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں.

عمران خان نے کہا کہ ہمارے حکومت میں آتے وقت موڈیز کی ملک کے لیے معاشی رینکنگ منفی تھی جسے ہم نے مستحکم کیا جب کہ ان دو ماہ میں کل ہی موڈیز نے ہمارے ملک کی کریڈیٹ ریٹنگ مستحکم سے منفی کردی ہے جس کی وجہ سے قرضے ملنا مشکل ہوجاتے ہیں غداری کے مقدمے پر انہوں نے کہا کہ میں سب سے پوچھتا ہوں کہ زرداری اور نواز شریف اب مجھ پر غداری کا مقدمہ چلائیں گے جن کا سب کچھ باہر پڑا ہے، وہ زرداری جو امریکا سے حقانی کے ذریعے کہتا ہے کہ مجھے فوج سے بچالو اور وہ نواز شریف جو پاناما کیس میں پکڑا گیا وہ سزا یافتہ، مفرور اور جھوٹ بھو کر بھاگا ہوا فیصلہ کرے گا کہ میں غدار ہو؟.

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ غداری کے مقدمے کا مقصد صرف راستہ صاف کرنا ہے، یہ لوگ عمران خان پر غداری کا مقدمہ قائم کرکے اسے اپنے راستے سے ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ انہیں خود پر قائم کرپشن کے کیسز ختم کرنے میں آسانی ہو. عمران خان نے سپریم کورٹ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے 126 دن پہلے بھی دھرنا دیا جو کہ پرامن تھا، ہم اپنے ملک کی سیکورٹی فورسز سے کبھی تصادم نہیں چاہیں گے، ہمارا جینا مرنا یہیں ہے، ججز سے اپیل ہے کہ آپ نے جو کمیٹی بنائی ہے وہ ساری سرکاری کمیٹی ہے، احترام کے ساتھ کہتا ہوں کہ اس کمیٹی میں سول سوسائٹی سے لوگ شامل کریں تاکہ حقائق سامنے آئیں.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات