یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

پریزائڈنگ آفیسر نے بدنیتی سے 7 ووٹ مسترد کیے‘ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل اور ڈویژن بینچ نے قانون و حقائق کے منافی فیصلہ دیا ‘ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست میں استدعا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 8 جون 2022 11:28

یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن سپریم کورٹ میں چیلنج کر ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 جون 2022ء ) سابق وزیر اعظم اور سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ، اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ لیے لیکن 7 ووٹوں کو غلط مسترد کیا گیا ، پریزائڈنگ آفیسر نے بدنیتی سے یہ 7 ووٹ مسترد کیے ۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کا سنگل اور ڈویژن بینچ کا فیصلہ قانون و حقائق کے منافی ہے ، ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ کے ڈپٹی اسپیکر رولنگ فیصلہ میں طے پیرامیٹرز کے برعکس ہے ، اس لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حکومت نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا ، پیپلزپارٹی نے صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاریاں مکمل کرلی ، عدم اعتماد کی کامیابی پر یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہوں گے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیپلزپارٹی لائے گی ، چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد پر پارٹی مشاورت مکمل ہوگئی ہے اور آصف زرداری نےعدم اعتماد کے معاملے پر سینئر قائدین کو منا لیا ہے جب کہ آئینی ماہرین نے تحریک عدم اعتماد پرمشاورت مکمل کر لی ہے اور چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا مسودہ بھی تیار کر لیا گیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ چیئرمین کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف بھی عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی ، عدم اعتماد کی کامیابی پر یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہوں گے۔