Live Updates

عمران خان سیاسی مخالفین کیخلاف آرٹیکل 6 کے مقدمے بنانے کے خواہشمند تھے ، عظمیٰ بخاری

پی ٹی آئی نے سیاسی مخالفین کو پن پوائنٹ کیا ہوا تھا ، عدلیہ میں شوکت صدیقی آن ریکارڈ ہیں ، کوشش کی گئی کہ جاوید اقبال کو بھی اپنے شکنجے میں لیا جائے ۔ مسلم لیگ ن کی رہنماء کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 جون 2022 16:19

عمران خان سیاسی مخالفین کیخلاف آرٹیکل 6 کے مقدمے بنانے کے خواہشمند ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 جون 2022ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنماء عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے سیاسی مخالفین کے خلاف اداروں کو استعمال کیا ، عمران خان سیاسی مخالفین کیخلاف آرٹیکل 6کے مقدمے بنانے کے خواہشمند تھے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاسی مخالفین کو پن پوائنٹ کیا ہوا تھا ، عدلیہ میں شوکت صدیقی آن ریکارڈ ہیں ، سیاسی مخالفین کو راہ سے ہٹانے کے لیے کس طرح بلیک میل کیا جاتا تھا ، کوشش کی گئی کہ جاوید اقبال کو بھی اپنے شکنجے میں لیا جائے ، عمران خان کو اداروں کو استعمال کرنے کی عادت ہے ، آپ جانتے ہیں کس طرح عدلیہ کو استعمال کیا گیا ، نیب کے ذریعے سیاسی مخالفین پر کیسز بنائے گئے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں 4 سال میں احتساب کے نام پر ڈرامہ چل رہا ہے ، اب قسط وار کہانیاں سامنے آرہی ہیں ، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر بشیر میمن کے انٹرویو سامنے ہے ، چیئرمین نیب نے کہا کہ انہیں بہت پریشرائز کیا گیا ہے، مریم نواز نے ابھی پوری طرح وہ سچ عوام کے سامنے نہیں رکھے، جو کلثوم نواز کا مذاق اڑاتے تھے آج اپنی گرفتاریوں پر واویلا کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں میں بھی اہم تعیناتیاں کی جارہی ہیں، پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر تقررتبادلے ہو رہے ہیں، اہم تعیناتیوں اور تقرر وتبادلوں کا واحد مقصد الیکشن میں دھاندلی کی تیاری ہے ، ہمیں معاملات کا اندازہ ہے اور اہم مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے بعد پوری قوت سے لانگ مارچ کروں گا، کوئی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہوگیا۔

 عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے کر جارہی ہے۔آنے والے دنوں میں اسلام آباد کا رخ کروں گا، عام انتخابات کی تاریخ ملنے تک جدوجہد جاری رکھوں گا۔ہم نے بڑی تعداد میں لوگوں کو سڑکوں پر نکال کر دکھایا ہے ، حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جولائی سے کمرتوڑ مہنگائی کا عوام سامنا کیسے کریں گے، بجٹ سے لگتا ہے کہ حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں جہاز سے چھلانگ لگا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے نکلنے کے بعد میرے پاس دو ہی راستے تھے ، طاقتور حلقوں سے معافی مانگ کر پاؤں پکڑتا یا پھر عوام کے پاس چلا جاتا،میں نے دوسرا راستہ اپنایا اور عوام کے پاس چلا گیا ، اب لگ رہا ہے کہ سیاسی معاشی بحران سے پریشان تمام حلقے موجودہ صورتحال سے نکلنے کا سوچ رہے ہیں، ملک کو موجودہ حالات کا سامنا کرنے کیلئے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے،مضبوط قیادت شفاف الیکشن کے ذریعے سامنے آسکتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بجٹ کو آئی ایم ایف کسی صورت نہیں مانے گا،اس وقت آئی ایم ایف اور دیگر ممالک پاکستان کی امداد نہیں کررہے ہیں ، عالمی اداروں کو بھی موجودہ حکومت کی نااہلی کا یقین ہے ، آئی ایم ایف اور دیگر ممالک کو یقین ہے کہ عوام اس حکومت کے ساتھ نہیں ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات