بلاول بھٹو زرداری نااہلی ،لاہور ہائیکورٹ نے درخواست الیکشن کمیشن بھجوا دی، ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم

منگل 14 جون 2022 20:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2022ء) لاہور ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے سربراہ ،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی نااہلی کے لئے دائر درخواست الیکشن کمیشن کو بھجواتے ہوئے ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے نمٹا دی۔جسٹس شمس محمود مرزا نے پاکستانی نژاد امریکی شہری سید اقتدار حیدر کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور بلاول بھٹو زرداری کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اس وقت دو پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں، ایک کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری ہیں، دوسری پیپلز پا رٹی پارلیمنٹرین کے نام سے رجسٹرڈ ہے، جس کے سربراہ آصف علی زرداری ہیں۔

درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ بلاول بھٹو زرداری نے این اے 200 لاڑکانہ سے الیکشن پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے ٹکٹ پر لڑا، ان کا اپنی پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنا الیکشن ایکٹ 2017کی خلاف ورزی ہے۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔