Live Updates

الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کے سال 2021 کے اثاثہ جات کی تفصیلات جاری کر دیں

بدھ 15 جون 2022 21:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2022ء) الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کے سال 2021 کے اثاثہ جات کی تفصیلات جاری کر دیں۔سابق وزیر اعظم عمران خان کے سال 2020 کی نسبت 2021 کے اثاثوں میں 6 کروڑ سے زائد کا اضافہ ہوا جبکہ موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 24 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے،سابق صدر آصف علی زرداری کے اثاثوں کی مالیت 71 کروڑ سے زائد ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے بدھ کو جاری اثاثہ جات کی تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان 14 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں،عمران خان کے سال 2020 میں اثاثوں کی کل مالیت 8 کروڑ سے زائد تھی،عمران خان پر سال 2020 میں 7 کروڑ سے زائد کا قرض تھا،سال 2020 میں قرض کی رقم شامل کر کے اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد تھی۔

(جاری ہے)

سال 2021 کے اثاثوں کے مطابق عمران خان کے ذمہ واجب الادا قرض نہیں۔

عمران خان نے گوشواروں میں زمان پارک، میانوالی اور بھکر میں وراثتی زمینیں ظاہر کیں،چیئرمین تحریک انصاف نے بنی گالا زمین کو گفٹ ظاہر کیا ہے جبکہ اس میں تعمیر اور ایڈیشن پر ایک کروڑ 11 لاکھ 70 ہزار روپے کا خرچ ظاہر کیا ہے،انہوں نے چیچہ وطنی میں ساڑھے پانچ سو کنال سے زائد زرعی اراضی کی مالیت 50 ہزار روپے ظاہر کی ہے،عمران خان کے پاس گرینڈ حیات اسلام آباد ٹاور میں ایک فلیٹ 1 کروڑ 19 لاکھ کا ہے،عمران خان کا اندرون یا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں،عمران خان کے پاس اپنی کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے،عمران خان کا بینک بیلنس 6 کروڑ 3 لاکھ سے زائد ہے۔

عمران خان کے دو فارن کرنسی اکائونٹس میں 3 لاکھ 29 ہزار ڈالرز جمع ہیں۔عمران خان کے ذمہ سال 2020 میں 7 کروڑ روپے واجب الادا تھے، سال 2021 میں کوئی قرض نہیں ہے۔ عمران خان نے گزشتہ سال کا 7 کروڑ روپے قرض ادا کر دیا ہے،عمران خان نے اثاثوں میں 2 لاکھ روپے مالیت کی 4 بکریاں بھی ظاہر کی ہیں۔چئیرمین تحریک انصاف کے پاس 5 لاکھ مالیت کا فرنیچر ہے،عمران خان نے اپنی اہلیہ بشری بی بی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کرائی ہیں،بشری بی بی کے پاس 431 کنال کی پاکپتن میں دو مختلف زمینیں ہیں، بشری بی بی بنی گالا اسلام آباد میں 3 کنال کے گھر کی مالک ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو 1 ارب 60 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں،بلاول بھٹو کے ذمہ 3 لاکھ 34 ہزار واجب الادا ہیں،بلاول بھٹو نے بیرون ملک اپنے کاروبار بھی ظاہر کیے ہوئے،بلاول بھٹو کا بینک بیلنس 12 کروڑ سے زائد ہے ان کے پاس 6 بلٹ پروف گاڑیاں ہیں،سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری 71 کروڑ 42 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں،آصف زرداری کا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں ہے۔

سابق وزیر مواصلات مراد سعید کا ذاتی کوئی گھر نہیں،مراد سعید کے پاس ایک گاڑی اور 15 تولہ سونا ہے،مراد سعید کے اکاونٹس میں 29 لاکھ 63 ہزار سے زائد رقم ہے،سابق وزیر عمر ایوب ایک ارب 19 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں،عمر ایوب کے ذمہ 11 لاکھ 55 ہزار روپے واجب الادا ہیں،عمر ایوب نے بیرون ملک بزنس کی تفصیلات بھی جمع کرائیں،اسد قیصر ساڑھے 8 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک، ایک کروڑ 17 لاکھ سے زائد کے مقروض ہیں،سابق سپیکر اسد قیصر کے پاس 6 کروڑ 72 لاکھ سے زائد کی جائیداد ہے،اسد قیصر نے 58 لاکھ روپے کا بزنس ظاہر کیا ہے،اسد قیصر ایک گاڑی کے مالک، 96 لاکھ سے زائد رقم بینک بیلنس کے مالک ہیں،سابق وزیر ڈفاع پرویز خٹک 16 کروڑ 71 لاکھ کے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں،3 کروڑ روپے بینک بیلنس اور 2 کروڑ 56 لاکھ روپے کے مقروض ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف 24 کروڑ 50 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک جبکہ 14 کروڑ سے زائد کے مقروض ہیں۔ شہباز شریف کے پاس دو گاڑیاں، 2 کروڑ سے زائد بنک بیلنس ہے۔ شہباز شریف بیرون ملک 13 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثوں کے بھی مالک ہیں۔شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز 23 کروڑ روپے جبکہ دوسری اہلیہ تہمینہ درانی کے اثاثوں کی ملکیت 57 لاکھ 60 ہزار ہے۔شہباز شریف کے اثاثوں میں سال 2020 کی نسبت 2021 میں 3 لاکھ روپے کی کمی آٗئی،شہریار آفریدی کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 62 لاکھ روپے ہے۔

ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی 3 کروڑ 72 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں،وزیر مواصلات مولانا اسد محمود کے اثاثوں کی مالیت 60 لاکھ روپے ہے،وزیر مواصلات مولانا اسد محمود کی اہلیہ کے پاس صرف 3 تولے سونا ہے۔علی امین گنڈاپور کے اثاثوں کی مالیت 10 کروڑ سے زائد ہے۔پیر نورالحق قادری 51 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر68 کروڑ 71 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک جبکہ11 کروڑ 12 لاکھ روپے کے مقروض نکلے،میجر طاہر صادق کے اثاثوں کی ملکیت 5 کروڑ 93 لاکھ روپے ہےجبکہ ملک سہیل کمڑیال 31 کروڑ روپے سے زیادہ کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے اپنے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 36 لاکھ ظاہر کی،اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی اہلیہ کے پاس 100 تولے سونا ہے،راجہ پرویز اشرف کے اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف ایٹ میں گھر کی مالیت 26 لاکھ روپے ہے،راجہ پرویز اشرف نے 32 ایکڑ وراثتی زمین کی مالیت نہیں بتائی۔غلام سرور خان کے اثاثہ جات کی مالیت 5 کروڑ 47 لاکھ روپےہے۔شیخ رشید احمد 15 کروڑ 98 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں،شیخ رشید احمد 6 لاکھ 30 ہزار روپے کی بندوق ظاہر کی،شیخ رشید احمد نے 10 کروڑ روپے زمین بیچنے کے عوض ایڈوانس لے رکھا ہے۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے تیس کروڑ بیس لاکھ روپے کے اثاثے ظاہر کئے،مراد علی شاہ نے 24 کروڑ 35 لاکھ روپے کا بینک بیلنس ظاہر کیا۔مراد علی شاہ ایک کروڑ 42 لاکھ روپے مالیت کی دو گاڑیوں کے مالک ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈی ایچ اے کراچی میں مکان کی مالیت ایک کروڑ 15 لاکھ روپے ظاہر کی،بیٹی کے نام پر ڈی ایچ اے کراچی میں تین کروڑ روپے مالیت کے دو پلاٹ ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات