بجٹ میں عوام کے لئے ریلیف،عاجزی کے ساتھ عوام کی خدمت کا سفر جاری رہے گا، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز

بدھ 15 جون 2022 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت بدھ کے روز یہاں 90شاہراہ قائد اعظم پر صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3 ماہ سے چند انا پرست لوگوں کے پیدا کردہ بحران سے گزر رہے ہیں۔

غیر یقینی صورتحال میں صوبے نہیں چل سکتے، 3 دن سے بجٹ نہیں پیش کرسکے۔اپوزیشن صوبے کے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ اسمبلی میں ہمیں عددی اکثریت حاصل ہے،12 کروڑ عوام کے فلاحی بجٹ کو پیش کرنے سے روکنے کیلئے ان لوگوں نے قانون اور آئین سے کھلواڑ کیا لیکن ان کے یہ تمام حربے ناکام رہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج پنجاب کا بجٹ پیش کیا جا رہا ہے جس میں عوام کو ریلیف دینے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انشا اللہ عاجزی کے ساتھ عوام کی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال مشکل ضرور ہے لیکن جس طرح مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ دور میں لوڈشیڈنگ اور دیگر عوامی مسائل حل کئے تھے اب بھی اسی طرح شبانہ روز محنت کریں گے اور عوام کے دکھوں کا مداوا کریں گے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ آئین اور قانون کے رکھوالوں کے ساتھ کھڑے ہیں،یہ آفیسر اپنی ڈیوٹی سرانجام نہ دیتے تو صوبہ بنانا ری پبلک بن جاتا۔

وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دوران وردی میں ملبوس افسروں کو ٹھڈے اور مکے مارے گئے اور سب جانتے ہیں کہ ایوان میں غنڈے کس طرح ڈپٹی سپیکر کی طرف لپکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال سے ایک پائی کی کرپشن یا منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہو سکی ،ضمانت کیس میں کرپشن کا ثبوت نہ ملنے کا فیصلے میں بھی ذکر کیا گیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے ریلیف والا بجٹ دینے کی کوشش کی ہے ۔

ارکان اسمبلی بجٹ اجلاس میں حاضری یقینی بنا کر اپنا حق ادا کریں۔ صوبائی وزیر قانون ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مصالحت کی ہرممکن کوشش کی گئی، بچگانہ حرکتوں سے بجٹ زیر التوا رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اور قانونی طور پر گورنر کو اجلاس کے وقت اور مقام کا تعین کرنے کا اختیار حاصل ہے۔صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے اختتام پر دعائے خیر بھی کی گئی۔