Live Updates

وفاق کے بعد پنجاب کا بجٹ بھی ہر لحاظ سے ایک عوام دوست بجٹ ہے،وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین

جمعرات 16 جون 2022 21:45

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2022ء) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وفاق کے بعد پنجاب کا بجٹ بھی ہر لحاظ سے ایک عوام دوست بجٹ ہے ،جتنا کم وقت اور جس قدر کم وسائل ہماری حکومت کو ملے اس کے باوجودمتوازن اور ٹیکس فری بجٹ پیش کیا جانا حکومتی کارنامہ ہے جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں اس بجٹ سے صوبہ میں تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی، پنجاب بجٹ پیش کئے جانے کے موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی کا کردار غیر جمہوری و غیر آئینی ہے جس کا مقصد صوبہ میں آئینی بحران پیدا کرکے حکومتی اقدامات کو سبوتاژ کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حاجی طارق محمود ڈوگر، چوہدری محمود اختر گورایہ و دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ نواز لیگ عوام دوست جماعت ہے جسے غریب عوام کا احساس ہے، جلد ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا اور ملک میں خوشحالی آئے گی نامساعدحالت میں بھی ایک متوازن اورعوام دوست بجٹ کوممکن بنایا، بجٹ میں کوئی نیاٹیکس نہیں لگایا جارہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم کو میاں شہباز شریف کی صورت میں ایک نہایت زیرک اور محترک و باصلاحیت وزیر اعظم میسرآیا ہے جو عوام دوستی کا حق ادا کرنے سمیت ملکی سلامتی و ترقی کی خاطر ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے کرپشن کے متعدد ریکارڈز قائم کئے 2018کے عام انتخابات میں نواز لیگ کا مینڈیٹ چوری کرکے اقتدار پر مسلط ہونے والوں کو جمہوری جدوجہد کے تحت نواز لیگ نے قوم کو چھٹکارا دلایا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ ساڑھے3 سال میں پی ٹی آئی کی حکومت نے وسائل کو بے دریغ ضیاع اور عوام کا شدید استحصال کیا ترقیاتی عمل روک دیا گیا اور مہنگائی و بے روزگاری میں اضافہ کرکے غریب عوام کی زندگیاں اجیرن بنائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے دور میں شرح ترقی تیزی سے بڑھ رہی تھی، سی پیک کے تحت 51 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کی گئی،نواز لیگ نے لوڈشیڈنگ و دیگر بحرانوں پر قابو پایا مگر پی ٹی آئی نے اقتدار پر مسلط ہوکر ملکی ترقی کا عمل سبوتاژ کیا اور عوامی مسائل میں اضافہ کرکے قوم کو بدحالی کی دلدل میں دھکیلا جس کا خاتمہ موجودہ حکومت وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنارہی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات