بجٹ مشکل حالات میں پیش کیا گیا، متعلقہ وزرا کو ایوان میں موجود ہونا چاہیے ، سنیٹر رضا ربانی

جمعہ 17 جون 2022 11:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2022ء) چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا ہے کہ وزرا کی ایوان میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے، اس حوالے سے وزیراعظم سے خود بات کروں گا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ کوئی وزیر ایوان میں موجود نہیں، گزشتہ تین چار سال سے یہی روش تھی، حالات میں بہتری کی امید تھی لیکن افسوس ہے کہ کابینہ کا کوئی بھی وزیر ایوان میں موجود نہیں، یہ بجٹ مشکل حالات میں پیش کیا گیا، متعلقہ وزرا کو ایوان میں موجود ہونا چاہیے، احتجاجاً بجٹ پر تقریر نہیں کروں گا۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ تھوڑی دیر میں متعلقہ وزیر ایوان میں آ جائیں گے۔ سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ متعلقہ وزیر گزشتہ روز ایوان میں موجود تھے، وزارت کے افسران منٹس نوٹ کر لیں گے، وزرا ایوان میں آئیں گے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ وزیراعظم سے خود بات کروں گا کہ وزرا کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے، گزشتہ روز بھی متعلقہ وزیر ایوان میں موجود رہے ہیں۔