ٹریفک حادثہ ، دانیال عزیز کی اہلیہ نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کردی

سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز علاج کر رہے ہیں ، ہمیں اس وقت عوام کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔ مہناز اکبر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 17 جون 2022 14:06

ٹریفک حادثہ ، دانیال عزیز کی اہلیہ نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کردی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جون 2022ء ) ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے مسلم لیگ ن کے رہنماء دانیال عزیز کی اہلیہ نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کردی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز کی اہلیہ مہناز اکبر نے کہا کہ سروسز اسپتال کے ڈاکٹرز اچھا علاج کر رہے ہیں ، ہمیں اس وقت عوام کی دعاؤں کی ضرورت ہے ، ہمارے ہسپتال بہت اچھے ہیں ۔ ادھر سروسز ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عامر مفتی نے کہا کہ دانیال عزیز کی حالت بہتر ہے ، ان کے سٹی اسکین سمیت دیگر ضروری ٹیسٹ کروائے گئے ہیں ، پرنسپل سمز کی زیرنگرانی دانیال عزیز کے لیے میڈیکل بورڈ بھی بنا دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز گزشتہ رات خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئے تھے ، ناروال میں پیش آئے حادثے کے بعد سابق رکن قومی اسمبلی کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ، حادثہ اس وقت پیش آیا جب پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز جمعرات کی رات اپنے آبائی حلقے ناروال جارہے تھے کہ اس دوران دانیال عزیز کی گاڑی تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی ، جس کے نتیجے میں ناصرف ان کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا وہ خود بھی شدید زخمی ہو گئے ، حادثے کے بعد دانیال عزیز کو شدید زخمی حالت میں ضلعی ہسپتال ناروال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرز کی جانب سے بتایا گیا کہ دانیال عزیز کا ایک بازو ٹوٹ گیا ، ان کے جسم کے مختلف حصوں پر شدید چوٹیں بھی آئیں ، اس حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ دانیال عزیز اپنی گاڑی خود ڈرائیور کر رہے تھے جب کہ سامنے سے آنے والا ٹرک ٹائر پھٹنے کے باعث لیگی رہنماء کی گاڑی سے آ ٹکرایا ، حادثہ اس قدر شدید تھا کہ دانیال عزیز کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ، حادثے کے بعد لیگی رہنما کو بمشکل گاڑی سے باہر نکالا گیا جب کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلٰی پنجاب حمزہ شہباز نے دانیال عزیز کی اہلیہ سے رابطہ کر کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔