Live Updates

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ اضافہ امپورٹڈ حکومت کی عوام دشمن پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے،ریاض خان

عوام مزید اس ظلم کے متحمل نہیں ہو سکتے اگر مہنگائی کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو غریب عوام فاقوں اور خود کشیوں پر مجبور ہو جائینگے

ہفتہ 18 جون 2022 23:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2022ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ اضافہ امپورٹڈ حکومت کی عوام دشمن پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوام کو ریلیف دینے کے دعویدار عوام کو تکلیف دینے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہی، پی ٹی آئی حکومت کو ہدف تنقید بنانے والوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیساتھ ساتھ عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، عوام معاشی طور پر مفلوج ہو چکے ہیں، امپورٹڈ حکومت کیساتھ عوام کی فلاح و بہبود اور آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کوئی پروگرام نہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے تور ورسک جنگدرہ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا شمولیتی تقریب سے سابقہ امیدوار این اے 9 بونیر کامران خان، شہزاد اکبر خان اور دیگر معزز مشران نے بھی خطاب کیا اس موقع پر مختلف خاندانوں نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی شمولیت کرنے والوں کو مشیر وزیر اعلیٰ ریاض خان اور پارٹی مشران نے پارٹی کی ٹوپیاں پہنائیں اور پاکستان تحریک انصاف میں خوش آمدید کہا مشیر وزیر اعلیٰ ریاض خان نے کہا کہ جلد ہی عوام کو اس مسلط کردہ حکومت سے نجات مل جائے گی عمران خان،وزیر اعلیٰ محمود خان اور تحریک انصاف ہی عوام اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 24 روپے 3پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 59 روپے 16 پیسے اضافہ ظلم کی انتہاء ہے، ایک ماہ میں پٹرول 85 روپے اور ڈیزل119 روپے مہنگا کرکے امپورٹڈ حکومت نے عوام کے ساتھ ظلم کی تمام حدیں پار کر دیں،انہوں نے کہا کہ عوام مزید اس ظلم کے متحمل نہیں ہو سکتے اگر مہنگائی کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو غریب عوام فاقوں اور خود کشیوں پر مجبور ہو جائینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کمر توڑ مہنگائی کے خلاف اتوار کے روز ملک گیر پر امن احتجاج کی کال دی ہے اس سلسلے میں اتوار کو رات 9 بجے سواڑء چوک میں احتجاجی پروگرام منعقد کیاگیا ہے آپ سب اس میں شرکت کرکے اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں اور اس امپورٹڈ حکومت کو خواب خرگوش کی نیند سے جگائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی بجٹ میں ہم نے این ٹی ایس پر بھرتی ہونے والے اساتذہ کرام کو ریگولرائز کیا اور ایڈہاک پر بھرتی ہونے والے ڈاکٹرز کو بھی صوبائی بجٹ اجلاس میں ریگولرائز کیا اور بہت سے ایسے منصوبے منظور کئے جو عوام دوست ثابت ہونگے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات