Live Updates

خرم دستگیر نے سچ بول دیا، کہتے ہیں ہم سب جیل چلے جاتے اس لیے عمران خان کو ہٹایا

خرم دستگیر کہتےہیں عمران خان نے ججز رکھ کرہمارے کیسز نمٹانے تھے، شکرہے آپ میں سچ بولنے کی طاقت آ گئی، جب حکومت میں آیا پہلے دن کہا تھا این آر او نہیں دوں گا، میں نے کہا تھا حکومت جاتی ہے تو جائے این آر او نہیں دوں گا، لیگی رہنما کے بیان پر چئیرمین تحریک انصاف کا رد عمل

muhammad ali محمد علی اتوار 19 جون 2022 00:54

خرم دستگیر نے سچ بول دیا، کہتے ہیں ہم سب جیل چلے جاتے اس لیے عمران خان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2022ء) چئیرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ خرم دستگیر نے سچ بول دیا، کہتے ہیں ہم سب جیل چلے جاتے اس لیے عمران خان کو ہٹایا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنی حکومت کے خاتمے کے حوالے سے وفاقی وزیر خرم دستگیر خان کے بیان پر ردعمل دیا گیا۔ دنیا نیوز کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران سابق وزیر اعظم نے کہا کہ خرم دستگیر نے سچ بول دیا، لیگی رہنما کہتے ہیں عمران خان نے ججز رکھ کرہمارے کیسز نمٹانے تھے، ہم سب جیل چلے جاتے اس لیے عمران خان کو ہٹایا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کو کہتا ہوں شکرہے آپ میں سچ بولنے کی طاقت آ گئی، جب حکومت میں آیا پہلے دن کہا تھا این آر او نہیں دوں گا۔ مشرف نے ان کو اپنی کرسی بچانے کے لیے این آر او دیا تھا، پہلے این آر اوکے بعد انہوں نے پھر 10 سال ملک کو لوٹا۔

(جاری ہے)

میں نے کہا تھاحکومت جاتی ہے تو جائے این آر او نہیں دوں گا۔ واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں خرم دستگیر خان نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میں حکومت اس لیے لی کہ سال کے آخر میں بڑی تبدیلی آنا تھی، نظر آ رہا تھا کہ عمران خان اگلے 15 سال رہے گا۔

کچھ ماہ پہلے کہا گیا تھا کہ نیب کے 100 جج اور لگیں گے، ان کا خیال تھا کہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے اور سب کا صفایا کر دیں گے، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی سمیت ہم سب نے نا اہل ہو جانا تھا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ ہمارے خدشات نہیں تھے بلکہ اس حوالے سے ہمارے پاس معلومات تھیں، یہ عمران خان کے فاشسٹ پلان تھے، اسی لیے ایک اتحاد بنا اور حکومت کو گرایا گیا۔

خرم دستگیر کا بیان سامنے آنے کے بعد سابق وفاقی وزیر علی زیدی کی جانب سے ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خرم دستگیر نے کھلے دل سے اعتراف کیا کہ عمران خان کی جمہوری طور پر منتخب حکومت میں اپوزیشن کو کرپشن کے مقدمات کا سامنا کرنے سے بچانے کے لیے ایک سازش کے ذریعے ہٹایا گیا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ بدمعاش معیشت کو مار رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات