Live Updates

ا*حکومت کو عوام کی حمایت حاصل نہیں، یہ ہوا کا جھونکا ہے،حماد اظہر

ملک میں جنگل کا قانون ہے، ن لیگی لوٹے امیدوار نذیر چوہان نے پی پی 167کے مرکزی دفتر پر حملہ کر کے کارکنوں کو زخمی کیا،ہمارے پاس ویڈیو موجود ہے، میڈیا سے شیئر کریں گے، یاسمین راشد اور شبیر گجر کے ہمراہ پریس کانفرنس

اتوار 19 جون 2022 19:00

ا* لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2022ء) تحریک انصاف کے رہنما سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہاہے کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے، ن لیگ کے لوٹے امیدوار نذیر چوہان نے گزشتہ رات حلقہ پی پی 167کے مرکزی دفتر پر حملہ کر کے کارکنوں کو زخمی کیاتھا۔انہوں نے یاسمین راشد اور شبیر گجر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افراد غیرقانونی طور پر دفتر میں داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ کی، ہمارے پاس ویڈیو موجود ہے، میڈیا سے شیئر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب کارکن زیادہ تعداد میں وہاں پہنچے تو نذیر چوہان بھاگ گئے، ہم نے درخواست دے دی ہے لیکن ہماری ایف آئی آر درج نہیں ہورہی، حکومت کو عوام کی حمایت حاصل نہیں، یہ ہوا کا جھونکا ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی بربریت کی روایت چلی آ رہی ہے،نذیر چوہان کی سرپرستی میں پی ٹی آئی کا دفتر بند کرنے کا کہا گیا،دفتر بند نہ کرنے پر فائرنگ کی گئی، پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ پرچہ درج ہولیکن پولیس نے ان کا جھوٹا پرچہ درج کر لیا ہما را ابھی تک درج نہیں کر رہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہے، ہمارے لوگوں کو تنگ اور ہراساں کیا جائے، نذیر چوہان نے مسلح افراد اور پولیس کے ساتھ ہمارے دفتر میں آکر حملہ کیا، یہ جنگل کا ہی قانون ہے آپ حملہ بھی کریں اور پرچہ بھی ہم پر کاٹیں۔یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب کی 20 سیٹیں خود بتادیں گی کہ اصل حکومت کس کی تھی، اس طرح کی حرکتوں سے یہ عوام کو ڈرا رہے ہیں، حکومت ہوش کے ناخن لے، اس طرح حکومتیں نہیں چلتیں۔

انہوں نے کہا کہ ظلم کا نظام ایک حد تک چلتا ہے، عوام آپ کے خلاف کھڑے ہوجائیں گے، ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو ہم عدالت جائیں گے۔پی پی 167 سے پی ٹی آئی امیدوار شبیرگجر نے کہا کہ میں رات کو انتخابی مہم کر کے اپنے مرکزی دفتر آیا تھا، میرے بھتیجے کو گولی لگی جس کو اللہ نے بچا لیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات