Live Updates

چین سے کھاد کے کارگوز پہنچنے پر ملک میں کھاد کی قلت کا مسئلہ حل ہو جائے گا، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر

پیر 20 جون 2022 22:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2022ء) وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ چین سے کھاد کے کارگوز پہنچنے پر ملک میں کھاد کی قلت کا مسئلہ حل ہو جائے گا، کھاد کی فراہمی میں صوبے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن نواب شیر وسیر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ پنجاب میں کسانوں کو کھاد کی فراہمی میں مسائل درپیش ہیں،اگر کسانوں کو بروقت کھاد فراہم نہ کی گئی تو اس سے چاول اور دیگر فصلیں متاثر ہوں گی ،وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے اس کے جواب میں کہا کہ معزز رکن نے جو نکتہ اٹھایا ہے وہ حقائق پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف ذرائع سے کھادوں کی درآمد کی منصوبہ بندی کی ہے، یوکرائن جنگ کی وجہ سے دیگر اجناس کے علاوہ کھاد کی عالمی فراہمی میں بھی مسائل کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خصوصی کیس کے طور پر کھاد کی فراہمی کے لئے چین سے رابطہ کیا، اس مقصد کے لئے این او سی دے دیا گیا ہے۔ چین سے کارگوز آنے کے بعد کھاد کی قلت پر قابو پالیا جائے گا،اس حوالے سے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور ایکشن لینا چاہیے۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے جس پر حکومت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے جی ایس پی پلس میں توسیع کے لئے وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ وزیر تجارت نے بہت محنت کی ہے اور قوم بہت جلد اس حوالے سے خوشخبری سنے گی۔ ہمارے برآمد کنندگان کے لئے بھی اچھی خبریں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے انڈونیشیا کا دورہ کیا، اس دوران وہ وزیراعظم کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے، ان کی کوششوں سے پاکستان کو سستی قیمت اور بہتر شرائط پر خوردنی تیل کی فراہمی کے انتظامات ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار عنقریب کھاد کی بوریوں پر ٹریکر لگائے گی۔ ٹریک اینڈ ٹریس کا یہ نظام دیگر ضروری اشیا پر بھی لاگو کیا جارہا ہے۔ کوشش ہوگی کہ کسانوں کو وقت پر کھاد ملے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات