Live Updates

پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے دائر درخواستیں منظور

پیر 20 جون 2022 23:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2022ء) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں قاسم سوری، شہریار آفریدی، علی محمد خان، اسد عمر، فیصل جاوید، شیراز بشارت،راجہ خرم نواز ،مراد سعید، پرویز خٹک ، شاہ محمود قریشی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید سمیت دیگر کی ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے دائر درخواستیں منظور کرلیں۔

پیر کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کامران بشارت مفتی کی عدالت میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کےدوران املاک کو نقصان پہنچانے اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس پر سماعت ہوئی ۔ دورانِ سماعت فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ مذکورہ کیس میں تھانہ ترنول، گولڑہ اور آئی نائن کے مقدمے میں ملزمان میں سے کوئی شامل تفتیش نہیں ہوا، میں تفتیشی کو پابند کر دیتا ہوں ملزمان شامل تفتیش ہو جائیں۔

(جاری ہے)

اس دوران فاضل جج نے استفسار کیا کہ ابھی عدالت میں کون کون سے ملزمان پیش ہوئے ہیں۔ جس پر عدالتی عملے نے بتایا کہ قاسم سوری ، شہر یار آفریدی ،علی محمد خان ،اسد عمر ،فیصل جاوید اور دیگر نے عدالت میں حاضری لگوائی ،شیخ رشید اور پرویز خٹک کی ابھی تک حاضری نہیں ہو سکی۔ اس دوران عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتوں کیلئے دائر درخواستوں پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعد ازاں عدالت نے قاسم سوری، شہریار آفریدی، علی محمد خان، اسد عمر، فیصل جاوید، شیراز بشارت،راجہ خرم نواز ،شیخ رشید،مراد سعید، پرویز خٹک ، شاہ محمود قریشی اور دیگر کی ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے دائر درخواستیں منظور کر تے ہوئے تھانہ کوہسار میں پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف درج مقدمہ کے مدعی راجہ سبطین کی جانب سے وکیل کرنے کی استدعا پر سماعت 27 جون تک ملتوی کر کے تھانہ آئی نائن، گولڑہ اور ترنول کے مقدمات میں مزکورہ ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیدیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات