وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس، کاشت کاروں کو سہولتیں دینے اور عوام کو اشیائے ضروریہ مقرر کردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے بڑے فیصلے

چھوٹے کاشتکاروں کو اخوت کی طرز پر آسان و بلاسود قرضے دینے کیلئے جامع پلان طلب، مارکیٹ کمیٹیوں کی تشکیل نو، آکشن سپروائزری عملے کی تبدیلی فصلوں کی انشورنس کا پلان تیار کرنے کی ہدایت،آنیوالے دنوں میں ٹماٹر اور پیاز کی قلت پر قابو پانے کیلئے امپورٹ کیلئے بر وقت اقدامات کئے جائیں ٹماٹر، پیاز اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ارزاں نرخوں پر عوام تک فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز

منگل 21 جون 2022 00:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کاشت کاروں کو سہولتیں دینے اور عوام کو اشیائے ضروریہ مقرر کردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے بڑے فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے چھوٹے کاشتکاروں کو اخوت کی طرز پر آسان اور بلاسود قرضے دینے کیلئے جامع پلان طلب کر لیا اور ہدایت کی کہ اس ضمن میں بینک آف پنجاب سے بھی مشاورت کی جائے۔

اجلاس میں کاشتکاروں کا استحصال روکنے کیلئے پنجاب بھر کی مارکیٹ کمیٹیوں کی تشکیل نو اور آکشن سپروائزری عملے کے فی الفور رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ مارکیٹ کمیٹیوں میں بہترین ہیومن ریسورس کو انڈکٹ کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے سیکرٹری زراعت سے استفسار کیا کہ ایگری ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی کیا کارکردگی ہی کیونکہ زرعی شعبے میں ریسرچ کے بغیر پیداوار میں اضافہ محض خواب ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی ریسرچ اداروں نے گزشتہ برسوں جو کام کیا ہے، اس کے بارے میں جامع رپورٹ پیش کی جائے اور ان اداروں میں نجی شعبے کے ماہرین کی خدمات بھی لی جائیں۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے زرعی ریسرچ اداروں کی کارکردگی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ فصلوں کی انشورنس کا پلان بھی تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ آنے والے دنوں میں ٹماٹر اور پیاز کی قلت پر قابو پانے کیلئے امپورٹ کے لئے بر وقت اقدامات کئے جائیں۔

ٹماٹر، پیاز اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ارزاں نرخوں پر عوام تک فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے لاہور سمیت پنجاب کی منڈیوں میں صفائی کے انتظامات اور دیگر سہولتوں کے بارے رپورٹ طلب کر لی اور ہدایت کی کہ تاریخ کے ساتھ منڈیوں کی موجودہ صورتحال کی ویڈیو اور تصاویر آج رات تک وزیراعلیٰ آفس بھجوائیں۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ منڈیوں میں کاروبار کرنے والوں کے لئے سہولتیں بہتر بنائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اجلاس میں سبزیوں کی پیداوار اور طلب کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آڑھتی کے رول کو کم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر سردار اویس لغاری، ایم پی اے بلال یاسین، پولیٹیکل اسسٹنٹس، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہورڈویژن اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے آج وزیر اعلی آفس میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے پاکستان کی مثبت پیش رفت پر حنا ربانی کھر اور پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں جانے کے لیے مثبت پیش رفت پاکستان کی جیت ہے اور امید ہے کہ فیٹف ٹیم کے دورے کے بعد پاکستان وائٹ لسٹ میں واپس آجائے گا۔ رکن قومی اسمبلی رضا ربانی کھر، صوبائی وزیر سید علی حیدر گیلانی،سرداراویس لغاری اور رکن پنجاب اسمبلی مخدوم سید عثمان محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل احمد شرقپوری نے وزیر اعلی آفس میں ملاقات کی۔اس موقع پر جلیل احمد شرقپوری نے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔جلیل شرقپوری نے کہا کہ مسلم لیگ ن میری جماعت ہے اورپارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے سعودی عرب کے شہزادہ ترکی بن فیصل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اپنے تعزیتی پیغام میں سعودی عرب کے شاہی خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ شاہی خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہزادہ ترکی بن فیصل مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔