آسٹریلیا کے شہر میلبرون میں مسجد بیت الاسلام پر شرپسندوں کا حملہ

khalid rehman bhatti خالدالرحمن بھٹی منگل 21 جون 2022 12:36

آسٹریلیا کے شہر میلبرون میں مسجد بیت الاسلام پر شرپسندوں کا حملہ
میلبرن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جون۔2022ء) آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں مسجد بیت الاسلام ( پیس مسجد ) پر شر پسندوں نے اتوار کی صبح پونے دو بجے حملہ کر دیا ۔ ایک درجن سے زیادہ لوگ مسجد کی دیوار پھلانگ کر رات کو اندر داخل ہو گئے اور اندرونی دروازہ توڑ دیا اس کے علاوہ وہاں پر موجوداسٹیل کی سیڑھی سے کھڑکی کے شیشے توڑ ڈالے ۔ مسجد کے اندر داخل ہو کر نماز پڑھنے والی جگہ پر سائیکل چلاتے رہے ۔

خصوصی بات چیت کرتے ہوئے امام مسجد ودود احمد جنود صاحب نے کہا کہ ان کا گھر مسجد کی حدود میں ہی ہے رات کو تقریباً دو بجے کے قریب ان کی بیوی نے کچھ آوازیں سُنیں اور گھبرا کر ان کو جگایا ۔ امام صاحب نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہاکی اُٹھاتے ہوئے گھر کی فینس پر مارتے ہوئے اُونچی آواز میں شرپسندوں کو اپنی موجودگی کا احساس دلایا اور ساتھ ہی پولیس کو بھی اطلاع دے دی چند ہی منٹوں میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی لیکن اتنی دیر میں شرپسند وہاں سے فرار ہوچکے تھے ۔

(جاری ہے)



امام صاحب کا کہنا ہے کہ مسجد ایک احترام کی جگہ ہے اور یہاں لوگ عزت اور احترام کے ساتھ آتے ہیں یہ ایک جیسی جگہ ہے کہ جہاں جوتے لے کر بھی نہیں آیا جاسکتا اس قسم کے واقعات قابل مذمت ہیں ۔ اور ایسے واقعات سے خوف و ہراس پھیلتا ہے ۔ ہم یہاں ہر عام لوگوں کو بھی آنے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ وُہ آکر اسلامی تعلیمات کا جائزہ لیں ۔

ایسا پہلی بار نہیں ہوا بلکہ 2015 میں بھی اسی طرح کا واقعہ ہوا تھا جس میں ایک بزرگ کو چوٹ بھی لگی تھی ۔ پولیس اس سارے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ امام مسجد ودود احمد جنود صاحب کا کہنا ہے کہ وُہ ان شرپسندوں کو اللہ کی رضا کی خاطر معاف کرنے کو تیار ہیں اگر وُہ یہاں آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں اور اسلامی تعلیمات کے بارے میں سوال جواب کریں ہم نہ صرف ان سے پیار محبت سے پیش آئیں گے بلکہ کھانا بھی کھلائیں گے