آبی وسائل کے ذخائر ملک وقوم کی لائف لائن ہیں، ذخائر کی تعمیر میں ایک لمحہ کی تاخیر یا غفلت کے متحمل نہیں ، سید خورشید شاہ

بدھ 22 جون 2022 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2022ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہےکہ آبی وسائل کے ذخائر ملک وقوم کی لائف لائن ہیں، ملک ان ذخائر کی تعمیر میں ایک لمحہ کی تاخیر یا غفلت کا متحمل نہیں سکتا ، یہ ملکی سالمیت کا معاملہ ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کو اپنی زیر صدارت چار ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے اہم اجلاس میں گفتگو کرتےہوئے کیا۔

اجلاس میں چیئرمین این ایچ اے خرم آغا،سیکرٹری آبی وسائل کاظم نیاز اور چئیرمین واپڈا نوید اصغر اور دیگر حکام نےشرکت کی۔ اجلاس میں دیامر بھاشا ڈیم ،داسو ڈیم ،تھا کوٹ ڈیم اور پٹن ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں ایم ڈی نیس پاک کی عدم شرکت پر وفاقی وزیر خورشید شاہ نے برہمی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں واپڈا حکام نےبریفنگ میں بتایا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ تاحال این ایچ اے نے چاروں ڈیمز کے لیے کے کے ایچ کے علاوہ کسی دوسری رابطہ شاہراہ کی فزیبلٹی تک نہیں بنی۔

چاروں ڈیمز شاہراہ قراقرم پر آتے ہیں لیکن اس اہم ترین شاہراہ کو بھی آپ گریڈ کرنے کا کام شروع نہیں ہو سکا۔ دیامر بھاشا ڈیم کے تھور نلہ بائی پاس کی 24 کلومیٹر لنک روڈ کا کام تاحال شروع نہیں کو سکا۔ رواں سال 2 فروری کو فیصلہ ہوا تھا کہ این ایچ اے یہ سڑک 30جون تک مکمل کرے گی۔ واپڈ حکام نے بتایاکہ سڑک کی تعمیر کے لیے واپڈا متعلقہ اداروں کو مطلوبہ رقم ادا کر چکا۔

اب بتایا جا رہا ہے کہ اس سڑک کی تعمیر کے لیے مزید 8ماہ کا عرصہ درکار ہے۔ واپڈا حکام کی بریفنگ اور ڈیمز کی تعمیر میں سست روی پر وفاقی وزیر نےمتعلقہ اداروں پربرہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اگر آبی وسائل کے ذخائر کی تعمیر بروقت مکمل نہ ہوئی تو ملک شدید ترین آبی بحران کا شکار ہوجائےگا۔آبی وسائل کے ذخائر ملک وقوم کی لائف لائن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک ان ذخائر کی تعمیر میں ایک لمحہ کی تاخیر یا غفلت کا متحمل نہیں سکتا ، یہ ملکی سالمیت کا معاملہ ہے۔

ہم تو ایک سال کے لیے آئے ہیں لیکن اس دوران جنگی بنیادوں پر کام کریں گے۔ سید خورشید شاہ نے کہاکہ تمام ادارے دیامر بھاشا ڈیم پر بننے والی ٹنل کی فوری فزیبلٹی بنائیں۔ بتایا جائے اس پر کتنا وقت لگے گا اور کتنا خرچ آئے گا۔ تمام ادارے اس بارے نیس پاک سے مشاورت کے بعد فوری آگاہ کریں ۔وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے 14جولائی کو ان منصوبوں پر دوبارہ بریفنگ طلب کر لی۔