وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پرملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر بنیادی اشیائے خوردونوش پر سبسڈی جاری ہے، یوٹیلٹی سٹور

بدھ 22 جون 2022 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2022ء) یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پرملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر بنیادی اشیائے خوردونوش پر سبسڈی جاری ہے۔ بدھ کو ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بناتا رہے گا۔

یوٹیلیٹی سٹورز کو سامان سپلائی کرنے والے 30 برانڈڈ کمپنیوں نے 952 برانڈڈ اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جبکہ مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، یہ اضافہ رمضان المبارک کے بعدسے کیا جارہا ہے، ان اشیا کی قیمتیں پچھلے سال ستمبر/اکتوبر سے مستحکم رکھی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن خود مینوفیکچرنگ یا پروڈکشن نہیں کرتا اور عام مارکیٹ سے خریداری کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

جب عام مارکیٹ میں قیمتیں بڑھتی ہے تو یوٹیلیٹی سٹورز کو بھی قیمتوں پر نظر ثانی کرنی پڑتی ہے تاکہ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میں بہتری آئے اور ان پروڈکٹس کی دستیابی ممکن ہو۔ اس کے باوجود یوٹیلیٹی اسٹورز پر عزم ہے کہ عوام الناس کو بنیادی اور برانڈڈ اشیا اوپن مارکیٹ سے کم نرخوں پر مہیا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر ان اشیا کی نئی قیمتیں پرنٹڈ ریٹیل مارکیٹ پرائس سے کم ہوں گی۔

یاد رہے ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈائزڈ گھی عام مارکیٹ سے 250 روپے فی کلوگرام، چینی 25 سے 35روپے فی کلو اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 700 روپے سستا ہے۔سفید چنا مارکیٹ کی نسبت 20-40 روپے فی کلواور دال چنا کی قیمت 15-20روپے فی کلو کم ہے۔ اسی طرح دال مسورکے نرخ 30 سے 40روپے فی کلوکم قیمت پر دستیاب ہیں۔ ان دالوں پر 20روپے فی کلو سبسڈی بھی دی جارہی ، اس کے علاوہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں 1500 سے زائد دیگر اشیا بھی عام مارکیٹ سے بارعایت فراہم کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :