Live Updates

نیب قانون میں ترمیم کو کل سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے

سینئر قانون دان خواجہ حارث پی ٹی آئی کے وکیل ہوں گے۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری کی تصدیق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 22 جون 2022 19:00

نیب قانون میں ترمیم کو کل سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم کو کل سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے، قانون دان خواجہ حارث پی ٹی آئی کے وکیل ہوں گے۔ اے آروائی نیوز کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے تصدیق کی ہے کہ سینئر قانون دان خواجہ حارث نیب کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل ہوں گے۔

یاد رہے تحریک انصاف نے سینئر قانون دان خواجہ حارث کو اپنا وکیل رکھ لیا ہے، خواجہ حارث ماضی میں شریف خاندان کے متعدد کیسز میں وکیل رہے۔واضح رہے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت نے نیب قوانین میں جو ترامیم کی ہیں، نیب قوانین کو اسی ہفتے سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے، کوئی بھی قانون انفرادی طور پر نہیں بناسکتا، قانون اجتماعی ہوتا ہے، جو سب کیلئے ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب میں بتا دوں کہ سب کیسے بچ جائیں گے، نوازشریف، مریم نواز، آصف زرداری سب بچ جائیں گے۔نیب قوانین میں ترمیم سے یہ سب بچ جائیں گے۔ شہبازشریف نے 8ارب کی ٹی ٹیز ، آصف زرداری کے جعلی اکاؤنٹس میں اربوں روپے ہیں، انہوں نے نیب کے قانون سیکشن14 میں ترمیم کی ہے کہ اگر جعلی اکاؤنٹس میں اربوں روپے بھی آجاتے ہیں لیکن جو آخری وقت میں پیسا آیا ہے اس پر بات چیت ہوگی، مطلب آخری وقت میں اگر 100 روپیہ ہے تو اس پر بات ہوگی، باقی بے شک سارے ملک سے باہر بھیج دیے گئے ہیں۔

اسی طرح ملزم کو نہیں بلکہ نیب کو ثابت کرنا پڑے گا کہ پیسا جائز طریقے آیا ہے یا نہیں؟ آمدن سے زائد اثاثوں کا ملزم کو بتانا پڑتا ہے لیکن اب الٹ کردیا گیا ہے، اب ایف بی آر بتائے گی کہ اثاثے کہاں سے آئے ہیں، دنیا میں وائٹ کالر کرائم پکڑنا بہت مشکل ہے، اسی لیے ذمہ داری ملزم پر ڈالی جاتی ہے۔ اب آمدن سے زائد اثاثوں والے سب بچ جائیں گے۔ا نہوں نے کہا کہ اگر معلومات باہر سے آتی ہے کہ عمران خان کے بیرون ملک کروڑ وں روپے پڑے ہیں تو وہ مجھے بتانے کی ضرورت نہیں ہوگی، اب پاناما پیپرز میں جیسے ہوا اب ویسے نہیں ہوگا بلکہ نوازشریف اور مریم نوازکلیئر ہوجائیں گی، منی لانڈنگ کا مطلب ملک سے چوری کرکے پیسا باہر بھیج دوں، منی لانڈرنگ نیب کی بجائے اب ایف آئی اے میں ہوں گے، ایف آئی اے وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کے نیچے ہوگی، اس سے سمجھ جائیں کہ کیا وہ شریف یا آصف زرداری کے خلاف ایکشن لیں گے؟ اب بے نامی جائیدادوں والے بھی بچ جائیں گے۔

کوئی بھی افسر اب اپنے جواب دہ نہیں ہوگا۔نیب قوانین میں ترامیم ملک پر بمباری سے بڑا جرم ہے، ترامیم سے ملک کے 11سو ارب ہضم ہوجائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات