میری شاندار فارم کا کریڈٹ محمد رضوان کو جاتا ہے: شان مسعود

پی ایس ایل 2022ء کے دوران رضوان نے میری بیٹنگ پر خاص توجہ دی جس کے باعث مجھ میں نکھار آیا : قومی اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 23 جون 2022 11:59

میری شاندار فارم کا کریڈٹ محمد رضوان کو جاتا ہے: شان مسعود
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 جون 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے ٹی ٹونٹی میں اپنی کارکردگی میں بہتری کا کریڈٹ وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان کو دیدیا۔ اسپورٹس ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران ملتان سلطانز کے لیے کھیلتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ٹی20 میں میری بیٹنگ پر خاص توجہ دی جس کے باعث مجھ میں نکھار آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رضوان نے مجھے کہا تھا کہ ٹی ٹونٹی میں آپ کو گیئرز تبدیل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ایک دن آپ 150 کے قریب کا تعاقب کر رہے ہیں اور آپ کو 55 گیندوں پر 70 رنز بنانے ہوں گے جبکہ کسی دن آپ 240 کے آس پاس کا تعاقب کریں گے تو ٹیم کو 55 گیندوں پر 100 رنز کا سکور درکار ہوگا۔ پی ایس ایل 2022ء میں محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز کیلئے شاندار سیزن کھیلنے والے شان مسعود نے انگلینڈ کے ٹی 20 بلاسٹ میں ڈربی شائر کی کپتانی کرتے ہوئے محض 11 اننگز میں 4 نصف سنچریوں کی مدد سے 47 کی اوسط سے 423 ​​رنز بنائے ہیں۔