وزیر داخلہ سےترکیہ کے سفیر کی الوداعی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامورپر بات چیت

جمعہ 24 جون 2022 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2022ء) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ سے ترکیہ کے سفیراحسان مصطفے یرداکل نےجمعہ کو یہاں الوداعی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامورپر بات چیت ہوئی، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے پاکستان رخصتی پر ترکیہ کے سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رائے طاہر ، وزارت داخلہ اور ترکیہ سفارتخانے کے حکام بھی موجود تھے ۔

ملاقات میں پاکستان سے ترکی کیلئے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ روکنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ نےترکیہ کے سفیر کو اپنے ترک ہم منصب سلیمان سوئلو سے گزشتہ روز ہونے والی بات چیت سے متعلق آگاہ کیا۔وزیر داخلہ نے وزیراعظم پاکستان اوران کے وفد کی دورہ ترکی کے دوران بہترین میزبانی پرترکیہ کے سفیراورحکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ روکنے اوراس میں ملوث عناصرکیخلاف کاروائی تیز کرنے کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ایف آئی اے نادرااور ترکیہ امیگریشن ادارے ملکرحکمت عملی طے کر رہے ہیں،غیرقانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کی روک تھام ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔ پاکستان مکمل تعاون فراہم کرے گا ۔غیر قانونی امیگریشن روکنے کیلئے انتظامی اور تکنیکی اقدامات کو حتمی شکل دے چکے ہیں۔

انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد ملک کا تشخص خراب کرتے ہیں،ان کے خلاف کاروائی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے پاکستان کی مشکل ترین حالات میں ہمیشہ مدد کی ہے،اس کیلئے انتہائی شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفدکے رواں مہینے دورہ ترکی کے دوررس نتائج نکلیں گے۔ ترکیہ کے سفیر احسان مصطفے یرداکل نے کہا کہ صدرطیب اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کی حالیہ دورہ ترکی کے دوران انتہائی مفید ملاقات ہوئ۔

وزیراعظم پاکستان کے دورہ ترکی سے تجارتی، سیاحتی اور ثقافتی تعلقات میں مزیدوسعت آئے گ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بہت خوش ہیں۔ ترکیہ کے سفیر نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کے خاتمے سے متعلق پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان اداروں کی بہتر کوارڈینیشن سے انسانی سمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہوجائے گا۔وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے ترکیہ سفیرکے ذریعے وزیر داخلہ سلیمان سوئلوکو پاکستان دورے کی باضابطہ دعوت دی۔\932