تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر کو ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور دھاندلی بارے خط لکھ دیا

ضمنی الیکشن میں (ن)لیگ منظم دھاندلی کے لئے کوشاں ہے، تمام ضمنی حلقوں میں ریاستی مشینری کا استعمال کیا جارہا ہے‘ یاسمین راشد

جمعہ 24 جون 2022 23:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2022ء) پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کو ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور دھاندلی کے بارے میں خط لکھ دیا۔ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ضمنی الیکشن میں (ن)لیگ منظم دھاندلی کے لئے کوشاں ہے، پی پی 167 سمیت تمام ضمنی حلقوں میں (ن)لیگ ریاستی مشینری کا استعمال کر رہی ہے۔

(ن) لیگ کے امیدوار نذیر چوہان پولیس کے ذریعے پی ٹی آئی کے امیدوار اور کارکنوں کو ہراساں کر رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ نذیر چوہان نے پی پی 167 پی ٹی آئی کے الیکشن آفس میں دھاوا بولا ،غنڈہ گردی اور دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔

(جاری ہے)

نذیر چوہان نے اپنے ساتھیوں کے ذریعے پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر گجر کے بھتیجے پر حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا ۔نذیر چوہان کی بجائے پولیس نے پی ٹی آئی کے امیدوار اور ساتھیوں پر ایف آئی آر درج کر دی جس کی مذمت کرتے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہماری درخواست پر ابھی تک نہ کوئی کاروائی ہوئی نہ ہی مقدمہ درج ہوا ہے ، یہ سب کچھ وزیر داخلہ ،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور ڈی سی لاہور کی ایما ء پر کیا جا رہا ہے ،ان کو فی الفور عہدوں سے ہٹایا جائے ۔امپورٹڈ حکومت پورے پنجاب میں ضمنی الیکشن میں کامیابی کے لئے دھونس دھاندلی اور منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔