Live Updates

اسلامک بینکاری فروغ ‘سٹیٹ بینک موثر کردار ادا کرے ‘ سرحد چیمبر

روایتی بینکاری کے ساتھ ساتھ لوگ اسلامک بینکنگ سے بھرپور استفادہ حاصل کر رہے ہیں‘ صدر حسنین خورشید احمد کا سیمینار سے خطاب

ہفتہ 25 جون 2022 23:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2022ء) خیبر پختونخوا کے تاجروں اور کاروباری طبقہ نے صوبہ میں اسلامک بینکاری کے فروغ کے لئے اسٹیٹ بینک کو اپنا موثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسلامک بینکنگ کے ریٹس میں بھی کمی لائی جائے اور کمرشل بینکوں کی جانب سے متعارف کرائے گئے سکیموں کو حقیقی معنوں میں اسلامک بینکنگ نظام کے تحت لاکر کاروبار سے وابستہ سمیت عام آدمی تک رسائی کو ممکن بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ،ْ سنٹر فار ایکسیلنس ان فنانس ،ْ انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز حیات آباد پشاور اور بینک الفلاح کے باہمی اشتراک سے اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس فار بزنس کمیونٹی کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار کی صدارت سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر عمران خان مہمند نے کی جبکہ اس موقع پر سی ای آئی ایف آئی ایم سائنسز کے نمائندہ عدنان ملک اور بینک آف خیبر کے شرعی ایڈوائزر قاضی عبدالصمد نے شرکاء کو سنٹر اور صوبہ میں اسلامک بینکنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان ،ْ افادیت ،ْ طریقہ کار اور دیگر اہم نکات پر تفصیلاً لیکچر کے ذریعے آگاہ کیا۔

مقررین نے کہا کہ اسلامک بینکنگ کا رجحان نا صرف پاکستان بھر میں بلکہ عالمی سطح پر کافی بڑھ چکا ہے۔ روایتی بینکاری کے ساتھ ساتھ لوگ اسلامک بینکنگ سے بھرپور استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک بینکاری میں سرمایہ کاری کرنے سے لوگوں میں سود سے پاک کاروبار اور منافع پر کافی اطمینان پایا جاتا ہے جبکہ روایتی بینکاری سے اسلامک بینکنگ کی جانب رجحان بڑھانے کی بھی یہی ایک بڑی وجہ ہے۔

سیمینار کے دوران سرحد چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران پرویز خٹک ،ْ فضل مقیم ،ْ سینئر ممبران صدر گل ،ْ فیض رسول ،ْ فضل واحد ،ْ احسان اللہ ،ْ اشتیاق محمد ،ْ بینک الفلاع کے نمائندے اور اراکین کے علاوہ بزنس کمیونٹی کے ممبران ،ْ تاجر اور صنعتکاروں نے بھی شرکت کی۔ اس سے قبل سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر عمران خان مہمند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسلامک بینکنگ مجموعی طور پر صرف 15فیصد ہے جبکہ لوگوں میں اسلامک بینکاری کے بارے میں آگاہی اور شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کمرشل بینکوں نے خیبر پختونخوا کو غیر اعلانیہ طور پر ریڈ زون ڈکلیئر کر رکھا ہے جس کی وجہ سے صوبہ بھر میں کمرشل بینکوں کی لینڈنگ 2فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک اور اسلامک کمرشل بینکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبہ خیبر پختونخوا میں اسلامی بینکاری کے فروغ کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلامک بینکنگ کے فروغ سے ملکی معیشت کو بہت سے مسائل سے نکالنے کے قابل ہوجائیں گے اور سود سے پاک بینکاری نظام کی بدولت نہ صرف تیزی سے ترقی کی منازل طے کریں گے بلکہ اللہ تعالیٰ اور اس کے حبیب حضرت محمد ؐ کی خوشنودی حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوجائیں گے۔

بعد ازاں سرحد چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران پرویز خٹک ،ْ فضل مقیم ،ْ احسان اللہ اور دیگر شرکاء نے سرحد چیمبر اور دیگر منتظمین کا سیمینار کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور اسلامک بینکنگ کے فروغ کیلئے مل کر سنجیدہ اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔ اس موقع پر سنٹر آف ایکسیلنس ان فنانس آئی ایم سائنسز کے سربراہ نے شرکاء کی جانب اسلامک بینکنگ کے فروغ اور طریقہ کار حالے سے شرکاء کے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔ آخر میں سرحد چیمبرکے سینئر نائب صدر عمران خان مہمند نے آئی ایم سائنسز اور چیمبر کے درمیان اسلامک بینکنگ کے فروغ کے لئے ایک مشترکہ کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات