پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار بھارتی لڑکی کو واہگہ بارڈر پر حراست میں لے لیا گیا

پولیس نے 24 سالہ بھارتی اسکول ٹیچر لڑکی کو پاکستان میں اپنے محبوب سے شادی کرنے کے لیے لاہور آنے کی کوشش کے دوران گرفتار کرکے دارالامان بھیج دیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 27 جون 2022 16:21

پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار بھارتی لڑکی کو واہگہ بارڈر پر حراست ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 جون 2022ء ) سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستانی نوجوان سے ہوئے رابطے میں دل ہارنے والی بھارت کی 24 سالہ اسکول ٹیچر کو پاکستان آنے کی کوشش کے دوران واہگہ بارڈر پر گرفتار کرلیا گیا۔ بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا سے نوجوان اسکول ٹیچر فضہ خان کی پاکستانی نوجوان سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی جو آگے بڑھنے پر دونوں محبت میں مبتلاء ہوگئے اور انہوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا ، اس مقصد کے لیے بھارتی لڑکی نے نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن سے ویزہ حاصل کیا اور گھر والوں کو بتائے بغیر پاکستان کے لیے روانہ ہوگئی۔

بتایا گیا ہے کہ لڑکی کے یوں اچانک غائب ہونے پر اس کے والدین نے اس کی گمشدگی کی اطلاع تھانے میں دی ، جس پر تمام ایئرپورٹس ، ریلوے اسٹیشن اور بس اڈوں کو معلومات فراہم کردی گئیں ، یہ تفصیلات واہگہ بارڈر پر بھارتی سکیورٹی فورس کو بھی بھیجی گئیں ، اس دوران لڑکی جیسے ہی واہگہ بارڈر پہنچی تو اہلکاروں نے اسے تحویل میں لے لیا اور پاکستان میں موجود اپنے محبوب دلشاد سے شادی کرنے کے لیے لاہور آنے کی کوشش کے دوران واہگہ بارڈر پر ہی گرفتار کرکے دارالامان بھیج دیا۔

(جاری ہے)

ادھر کراچی سے لاپتہ ہونے کے بعد پسند کی شادی کرکے منظر عام پر آنے والی نمرہ کاظمی کے والدین نے اس کے شوہر شاہ رخ کو داماد تسلیم کرلیا ، کراچی سٹی کورٹ میں نمرہ کاظمی مبینہ اغواء کیس کی سماعت ہوئی ، جہاں نمرہ کے شوہر شاہ رخ کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا ، دوران سماعت شاہ رخ کے وکیل نے بتایا کہ نمرہ کے والدین سے بات چیت جاری ہے ، نمرہ کے والدین نے شاہ رخ کو داماد تسلیم کرلیا ہے اور دونوں خاندان جلد صلح نامہ جمع کرانے کے لئے تیار ہیں اور آج کل میں کسی متفقہ نتیجے پرپہنچنے کے بعد حلف نامہ متعلقہ عدالت میں جمع کروادیں گے ۔

اس موقع پر عدالت میں نمرہ کی والدہ نے کہا کہ میں اپنی بیٹی کو اپنے پاس رکھنا چاہتی ہوں ، جس پر لڑکے کی خالہ نے کہا کہ ہمیں تمام شرائط قبول ہیں اور شاہ رخ بھی کراچی میں ہی رہے گا ، جس کے بعد عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی کے 2 جولائی تک ملتوی کردی۔