پارلیمنٹ ہاؤس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ کی ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی ، اسپیکر قومی اسمبلی کی شرکت

پیر 27 جون 2022 18:29

پارلیمنٹ ہاؤس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ کی ایصال ثواب کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2022ء) پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد میں پیر کے روز سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ ماجدہ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دادی کی ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ فاتحہ خوانی میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اسپیکر کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ ، قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلی آفسران سمیت دونوں سیکرٹریٹ کے عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

قرآن خوانی کے بعد معروف نعت خوان عبدالباسط انصاری نے سرور قونین حضور نبی کریم ؐ کی شان میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ بعدازاں سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی دادی جن کا گزشتہ ہفتے انتقال ہوا تھا کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور سوگوار خاندان کو اس نا قابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی گئی۔تقریب میں شہید ذولفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی درجات کی بلندی اور پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کیلئے بھی خصوصی دعاکی گئی۔