غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہر گز نہیں کی جائے گی اور لوڈ شیڈنگ کے اوقات کم سے کم رکھے جائیں گے،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر

پیر 27 جون 2022 18:45

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2022ء) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر محمد عثمان چاچڑنے کہا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہر گز نہیں کی جائے گی اور لوڈ شیڈنگ کے اوقات کم سے کم رکھے جائیں گے۔ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 گھنٹے سے زائد نہیں ہو گا ،فورس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی اور اگر کسی لائن میں فنی خرابی ہو گی تو اس کو دور کرنے کے لیے بھی فوری اقدامات کیے جائیں گے ۔

جن فیڈرز پر 90 فیصد ریکوری ہے ، وہاں لوڈ شیڈنگ مزید کم کی جائے ۔ فیول ایڈجسمنٹ چارجز کی مد کی جوازیت اور اس میں کمی یا خاتمہ کے لیے سیکرٹری برقیات کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے جو حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی ۔ نیلم جہلم کے بقیہ اعتماد سازی کے اقدامات یقینی بنانے اور خواجہ شمائل کمیشن رپورٹ کی سفارشات پرعملدرآمد کے لیے ترجیحی اقدامات عمل میں لاتے ہوئے معاملہ حکومت آزادکشمیر اور وفاقی حکومت کے سامنے اٹھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز ی انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ چیف سیکرٹری آفس میں لوڈ شیڈنگ اور ہائیڈرل پراجیکٹس کے ماحولیاتی اثرات سے متعلق منعقدہ میٹنگ میں سیکرٹری برقیات ، سیکرٹری قانون ، سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاوسنگ ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، کمشنر مظفرآباد ڈویژن ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ، چیف انجینئر ، ڈپٹی کمشنراور ایس ایس پی مظفرآباد نے شرکت کی جبکہ انجمن تاجران کے وفد کی قیادت شوکت نواز میر نے کی۔

تاجران کے وفد میں غلام مصطفی لالا،سید نوید شاہ ، گوہر احمدکشمیر ی، راجہ ابرار مصطفی ، راجہ شکیل افضل،راجہ شیراز، راجہ سعید ، حفیظ ہمدانی ، انجم زمان ،عامر اعوان،شہزاد اسلم، خورشید مغل ، مشتاق قریشی ، ذوالقرنین جعفری، صاحبزادہ وقاص احمداوربلال شیخ شامل تھے ۔شوکت نواز میر نے انجمن تاجران کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی روشنی میں چیف سیکرٹری کو مطالبات پیش کیے اور متعلقہ سیکرٹریز نے اپنے محکمہ جا ت سے متعلق منصوبہ جات کی پراگریس سے چیف سیکرٹری کو وفد کی موجودگی میں آگاہ کیا ۔

اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے فیصلہ کیا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے حوالہ سے سیکرٹری برقیات کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں محکمہ مالیات ، محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ شعبہ جات کی نمائندگی ہو گی اور سول سوسائٹی انجمن تاجران کے نمائندگان کو بھی سماعت کر کے کمیٹی اپنی رپورٹ اور سفارشات حکومت کو پیش کرے گی ۔ محکمہ برقیات نے اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم رکھا جائے گا جو 4گھنٹے سے زائد نہ ہو گا نیز کسی بھی صورت میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی ۔