صدر مملکت کی احمد نواز کو آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد

پیر 27 جون 2022 18:45

صدر مملکت کی احمد نواز کو آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب ہونے پر مبارک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2022ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور میں دہشت گردوں کے حملے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والے احمد نواز آکسفورڈ یونیورسٹی کی ڈیبیٹنگ سوسائٹی آکسفورڈ یونین کے صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میںڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی امید پاکستان کے نوجوان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اے پی ایس کے زندہ بچ جانے والے احمد نواز کو آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے پشاور کے گھنائونے قتل عام میں اپنے بھائی حارث کو کھو دیا تھا۔خیال رہے کہ احمد نواز کو دنیا کی انتہائی معتبر اور تاریخ کی قدیم ترین یونیورسٹی آکسفورڈ میں اگست 2020 میں داخلہ ملا تھا۔

(جاری ہے)

2014 میں پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کے وقت احمد نواز کی عمر 14 برس تھی، اسکول پر حملے کے وقت احمد اپنے آپ کو مردہ ہونے کا بہانہ کرکے جان بچانے میں کامیاب ہوئے تھے جبکہ انہوں نے اپنی استاد کو آگ لگانے کے خوفناک واقعہ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔

احمد نواز کو برطانیہ کے شہزادہ ولیم سے کنگسٹن پیلس گلوبل لیگیسی ایوارڈ 2019 سے نوازا جا چکا ہے۔کولمبو میں سائوتھ ایشیا یوتھ سمٹ میں ایشین انسپریشن ایوارڈ سے بھی احمد نواز کو نوازا جاچکا ہے، امن کے فروغ اور نوجوانوں کوبا اختیار بنانے پر احمد کو اس اعزاز سے نوازا گیا تھا۔