Live Updates

لاہور ہائی کورٹ کا الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر اراکین کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم

پیر 27 جون 2022 21:45

لاہور ہائی کورٹ کا الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2022ء) لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر اراکین کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم دیدیا۔صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان کا نوٹی فکیشن جاری نہ کرنے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر جسٹس شاہد وحید نے سماعت کی۔سماعت میں وکیل پی ٹی آئی بیرسٹر علی ظفر نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے بعد ان نشستوں پر نوٹی فکیشن جاری کرنے کا پابند ہے لیکن نوٹی فکیشن جاری نہیں کر رہا۔

بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے دی گئی فہرست بدل نہیں سکتی، ہم نے الیکشن کمیشن کو کہا کہ اس پر نوٹی فکیشن جاری کریں۔وکیل پی ٹی آئی کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا کہ 20 سیٹیں خالی ہوئی ہیں، اس لیے پارٹیوں کی مجموعی نشستیں بھی بدلی ہیں، کمیشن کا یہ مقف قانون کے مطابق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر نوٹی فکیشن عام انتخابات کے بعد جاری ہوتا ہے، اب 20 نشستوں کی وجہ سے سیاسی جماعتوں کی پوزیشن بدل گئی ہے، میرا تو خیال تھا کہ یہ لارجر بینچ کا معاملہ ہے۔بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کمیشن کو مخصوص نشستوں کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات