زرعی یونیورسٹی فیصل آبادمیں نارتھ امریکن ایلومنائی ایسوسی ایشن سکالر شپ کے تحت 09 انڈر گریجوایٹ طلبہ میں وظائف تقسیم

پیر 27 جون 2022 23:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2022ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آبادمیں نارتھ امریکن ایلومنائی ایسوسی ایشن سکالر شپ کے تحت 09 انڈر گریجوایٹ طلبہ میں وظائف تقسیم کئے گئے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں اور ایلومنائی کے عہدیدار پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس نے میٹنگ روم میں منعقد ہ تقریب میں تقریباً ساڑھے چار لاکھ کی مالیت کے وظائف تقسیم کئے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹس اور یونیورسٹی ایڈوانس منٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد احسن خاں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقار اکبر خاں و دیگر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں دیہات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو دیہی کوٹہ کے تحت داخلہ دیا جاتا ہے تاکہ زراعت میں ہنر مندافرادی قوت کی فراہمی سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ غذائی خود کفالت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں ہزاروں طلبہ کو تعلیم کا سفر جاری رکھنے کیلئے وظائف مہیا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے تحقیقات عمل میں لائی جارہی ہیں جس سے آنے والے دنوں میں مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ پچھلے سال پاکستان میں دس ارب ڈالر سے زائد کی زرعی اجناس درآمد کی ہیں جوکہ ایک زرعی ملک کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

ڈاکٹر محمد یونس نے کہا کہ جدید تعلیم کے حصول اور علم پر مبنی معیشت کے بغیر ترقی کا سفر ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کا شمار برصغیر کی پہلی زرعی دانش گاہ کی حیثیت سے ہوتا ہے جس نے زراعت کی ترقی کیلئے خدمات انجام دیتے ہوئے فود سکیورٹی کو یقینی بنایا ہے۔ ڈاکٹر محمد احسن نے کہا ہے کہ زرعی یونیورسٹی میں طلبہ کی مالی معاونت کیلئے تمام وسائل فراہم کیے جارہے ہیں تاکہ وہ علم زیور سے آراستہ ہو کر ایک مفید شہری کی حیثیت سے ملکی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔