سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب کی زیر صدارت کپاس کی صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد

پیر 27 جون 2022 23:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2022ء) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ کپاس اس وقت اہم مرحلہ میں داخل ہورہی ہے ،پھل، پھول لگنے اور ٹینڈے بننے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ اس موقع پر فصل کی نیوٹریشنل مینجمنٹ پر خصوصی فوکس کیا جائے تاکہ فصل کسی قسم کے دبا ئو کا شکار نہ ہوسکے، امسال 36 لاکھ 70 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت ہوئی ہے جو کہ گزشتہ سال کی نسبت 16 فیصد زیادہ ہے، پیداواری ہدف کے حصول کیلئے کاشتکاروں کی بروقت رہنمائی ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے کمیٹی روم میں کپاس کی صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) امتیاز احمد وڑائچ، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈائریکٹر جنرل (پیسٹ وارننگ) رانا فقیر احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب مدثر عباس، ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد، ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد کپاس جمود کی حالت سے نکل آئی ہے، فصل کی بڑھوتری میں تیزی آئی ہے۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکا کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں کے بعد سفید مکھی کا حملہ کم ہوا ہے جبکہ چست تیلے کے حملہ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،گلابی سنڈی کے حملہ میں بھی کمی آئی ہے، فصل میں کاٹن لیف کرل وائرس اور پودوں کے مرجھا کی بیماریاں ظاہر ہورہی ہیں۔

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کپاس کے پودوں کے مرجھا کی وجوہات کا جائزہ لینے کیلئے زرعی ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو ایک ہفتہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی تاکہ اس بیماری کے بروقت تدارک کیلئے موثر اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سالوں کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں زیادہ محنت کی ضرورت ہے، فیلڈ ٹیمیں اپنی سرگرمیوں میں تیزی لائیں اور ہر کاشتکار تک پہنچیں، ضرر رساں کیڑوں کو معاشی حد سے نیچے رکھنے کیلئے جہاں پر کیمیائی زہروں کا استعمال ناگزیر ہوجائے وہاں بغیر مکس کئے صرف ایک بار کیمیکل سپرے کریں، اس کے تین سے چار دن بعد بوٹینیکل محلول کا سپرے کریں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بارشوں کے سپل سے پہلے چست تیلے کو کنٹرول کیا جائے، ضرر رساں کیڑوں کے ہاٹ سپاٹس کی فوراً ٹریٹمنٹ کرائی جائے تاکہ کوئی بھی کیڑا وبائی شکل اختیار کرنے سے پہلے کنٹرول کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں سی ایل سی وی کا حملہ زیادہ ہے جس کی نیوٹریشن مینجمنٹ پر خصوصی فوکس کیا جائے اور فصل کو دبا میں نہ آنے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران اپنا زیادہ وقت کاشتکاروں کے ساتھ کپاس کے کھیتوں میں گزاریں اور فصل کی باقاعدگی سے پیسٹ سکاٹنگ کریں۔ اجلاس میں آئندہ پندھرواڑے کے دوران کپاس کی بہتر نگہداشت کے سلسلہ میں کاٹن ایڈوائزری بھی جاری کی گئی۔