جے یوآئی ف کا سود کیخلاف فیصلے پر نیشنل بینک کی اپیل سے لاتعلقی کا اعلان

نیشنل بینک کس بنیاد پر سپریم کورٹ میں اپیل میں جا رہا ہے؟ اسلام یا شریعت کیخلاف ہراقدام کی مخالفت کریں گے، حکومت واضح مئوقف اختیار کرے،کہیں چار سال سے برقرار اتحاد پارہ پارہ نہ ہوجائے۔وفاقی وزیر مولانا اسعد کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 27 جون 2022 21:17

جے یوآئی ف کا سود کیخلاف فیصلے پر نیشنل بینک کی اپیل سے لاتعلقی کا اعلان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون 2022ء) جمیعت علماء اسلام ف نے سود کیخلاف فیصلے پر نیشنل بینک کی اپیل سے لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے، جے یوآئی ف کے وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد کا کہنا ہے کہ نیشنل بینک کس بنیاد پر سپریم کورٹ میں اپیل میں جا رہا ہے؟ اسلام یا شریعت کے خلاف پراقدام کی مخالفت کریں گے۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سود کے خلاف واضح مئوقف اختیار کرے، چار سال سے برقرار اتحاد کہیں پارہ پارہ نہ ہوجائے، پارلیمان کو آگاہ کردینا چاہتا ہوں کہ ملک میں تحریکوں سے تاریخ بھری پڑی ہے، لیکن اگر حکومت نیشنل بینک کے فیصلے سے دستبردار نہیں ہوتی کہ نیشنل بینک سودی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل میں جائے تو پھر ہمیں حکومت کی کسی وضاحت کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

اگر کوئی سودی فیصلے پر وضاحت یا ابہام چاہیے تو ہم علماء کرام آپ کو بہترین معاشی ماہرین دیں گے ۔ وفاقی وزیر مولانا اسعد نے کہا کہ ہم سے چھوٹے چھوٹے فیصلوں سے متعلق پوچھا جاتا ہے لیکن اتنے بڑے فیصلے بارے نہیں پوچھا گیا، ہمیں نیشنل بینک کا اپیل میں جانے کا فیصلہ بالکل قابل قبول نہیں۔ وفاقی وزیر مولانا اسعد نے کہا کہ تین دہائیوں سے سود کے خاتمے کا مسئلہ چل رہا ہے، 22 سال تک یہ فیصلہ التوا میں رہا، وفاقی شرعی عدالت نے 22 سال بعد فیصلہ سنایا، اس پر حکومت کو جشن منانا چاہیے تھا، نیشنل بینک کس بنیاد پر سپریم کورٹ میں اپیل میں جا رہا ہے؟ اسلام یا شریعت کے خلاف پراقدام کی مخالفت کریں گے، سپریم کورٹ پر بھی لازم ہے کہ 30، 30 سود کے خلاف فیصلوں کو نہ لٹکایا جائے۔

تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے صدر مفتی منیب الرحمن نے کہا نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت اور قومی مالیاتی ادارے سود سے متعلق وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے کے بجائے روڈ میپ تیار کریں۔ کیا قوم کولہو کے بیل کی طرح ہر بار گھوم پھر کر اسی مقام پرآ کھڑی ہوگی، جہاں سے سفر کا آغاز کیا تھا۔