Live Updates

سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی پر انگلی اٹھانے والوں کو میرا چیلنج ہے، سید خورشید شاہ

پیر 27 جون 2022 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2022ء) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی پر انگلی اٹھانے والوں کو میرا چیلنج ہے، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف بتا دیں کس کس نشست پر دھاندلی ہوئی،جس بلدیاتی حلقے کا کہیں گے ہم ری پولنگ کروا دیں گے لیکن دوبارہ یہی رزلٹ ہوا تو اس کی سزا کیا ہوگی۔

انہوں نےپیر کو ایک بیان میں کہا کہ سکھر، لاڑکانہ،نواب شاہ کے جس حلقے پر انگلی رکھیں، ہم دوبارہ پولنگ کے لیے تیار ہیں۔اگر دوبارہ پولنگ میں بھی یہی رزلٹ نکلا تو پھر کیا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم، تحریک انصاف خود بتا دیں دوبارہ شکست پر الزام تراشی کی کیا سزا ہو گی۔سیاسی جماعتوں میں الیکشن نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے تحریک انصاف نے ماحول بنا دیا ہے کہ ہم جیتیں تو ٹھیک ورنہ دھاندلی کا واویلہ کرنا وطیرہ بنا لیا۔سندھ کے عوام کا فیصلہ الیکشن نتائج نہ ماننے سے بدلا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں کسی ایک بھی نشت پر دھاندلی نہیں ہوئی۔پیپلز پارٹی دھاندلی نہیں بلکہ عوامی فیصلے پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوامی حکمرانی کا علم بلند کیا۔ایم کیو ایم کا دھاندلی کا الزام سمجھ سے بالاتر ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم سندھ کے تینوں ڈویژن میں سے کسی بھی سیٹ پر ہاتھ رکھے ہم دوبارہ انتخاب کرانے کو تیار ہیں۔اگر ایم کیو ایم ایسا نہیں کرتی تو اسے عوام اور الیکشن کمیشن سے معافی مانگنی ہوگی۔ایم کیو ایم، تحریک انصاف، جے یو آئی خود بتا دیں دوبارہ شکست پر الزام تراشی کی کیا سزا ہو گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات