ملک کے موجودہ حالا ت میں حکومت کی جانب سے 13 صنعتوں پر 10فیصد سپر ٹیکس عائد کرنے سے معیشت متاثر ہوگی ،عدیل صدیقی

منگل 28 جون 2022 23:18

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2022ء) نو لمٹس فٹنس کے سمیر اقبال کی طرف سے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی ، سرپرست اقبال بیگ ، سینئر نائب صدر نجم الدین قریشی ، نائب صدر اویس خان اور اراکین مجلس عاملہ کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔حیدرآباد چیمبر کے صدر عدیل صدیقی نے عشائیہ کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملک کے حالا ت میں حکومت نے 13 صنعتوں پر 10فیصد سپر ٹیکس عائد کرنے سے معیشت متاثر ہوگی ، مزید مہنگائی کا طو فان آئے گا ،عوام پہلے ہی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں ، صنعتوں پر سپر ٹیکس لگانے کے بجائے صنعت و تجارت کے فروغ پر توجہ دی جائے ، ایف بی آرٹیکس نیٹ میں اضافہ کی پالیسی اپنائے ، حکومت کو چاہئے کہ 498بلین ٹیکس جمع کرنے کے حوالے سے تاجر رہنماؤ ں سے مشاورت سے لائحہ عمل طے کرے، پاکستان تین بلین امریکی ڈالر کی آئی ٹی ایکسپو رٹ کر رہا ہے ، ہمیں چاہئے کہ آئی ٹی سیکٹر میں نوجوانوں کی تربیت کی جائے تو پاکستان 10بلین امریکی ڈالر تک کی آئی ٹی ایکسپور ٹ کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں نو لمٹس فٹنس کے سمیر اقبال نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی و دیگر عہدیداروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے حیدرآباد چیمبر کی کارکردگی کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر بر ادری آپ پر فخر کرتی ہے ۔ عشائیے میں ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ندیم صدیقی ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد فاخر شاکر اور پبلک پراسیکیوٹر عابد خاماسانی نے خصوصی شرکت کی ۔ عشائیے میں سرپرست اقبال بیگ ، سینئر نائب صدر نجم الدین قریشی ، نائب صدر اویس خان ، پہلاج رائے ، لال چند لیمانی ، ضیا ء الدین ، اختیار احمد آرائیں ، افتخار الدین عبا سی ، مرزا مسعود بیگ ، حسام اقبال ، دانش شفیق قریشی ، محمد سلیم خان ، اریب خان و دیگر موجود تھے ۔