Live Updates

سندھ میں بلدیاتی انتخابات؛ حکومتی اتحاد میں گلے شکوے‘ جے یو آئی نے پی پی کی شکایت کردی

سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں سرکاری مشینری کا استعمال اور کارکنوں پر تشدد کیا گیا ‘ جے یو آئی سندھ کی قیادت نے شکایت مولانا فضل الرحمٰن تک پہنچا دی۔ جے یو آئی رہنماء اور پی ڈی ایم ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 29 جون 2022 13:12

سندھ میں بلدیاتی انتخابات؛ حکومتی اتحاد میں گلے شکوے‘ جے یو آئی نے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 جون 2022ء ) صوبہ سندھ میں ہوئے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی وجہ سے حکومتی اتحاد میں گلے شکوے شروع ہوگئے اور جمعیت علماء اسلام ف نے پاکستان پیپلزپارٹی کی شکایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کے رہنماء اور پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام اتحادی حکومت کا اہم حصہ ہے لیکن جمعیت علمائے اسلام کو پیپلز پارٹی سے شکایت ہے کیوں کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں سرکاری مشینری استعمال ہوئی اور ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا گا، اس حوالے سے جے یو آئی سندھ کی قیادت نے اپنی شکایت مولانا فضل الرحمٰن تک پہنچا دی ہے۔

دوسری طرف حکومت کی جانب سے معاہدوں پر عملدرآمد نہ ہونے پر ایم کیو ایم نئے سیاسی فیصلے کا سوچنے لگی ، متحدہ کے رہنماء وسیم اختر کہتے ہیں کہ نئے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بن گئے سب مزے سے بیٹھے ہیں‘ جو معاہدہ ہوا اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہورہی‘ صورت حال بہتر نہ ہوئی تو اپنے فیصلے کریں گے۔

(جاری ہے)

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ہمارے 7 ووٹ تھے، ہم پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد سے الگ ہوکر اس وقت کی اپوزیشن کے ساتھ گئے تو نئی حکومت بن گئی ، نئے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بن گئے اور سب مزے سے بیٹھے ہیں مگر جو معاہدہ ہوا ہے اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہورہی۔

وسیم اختر نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے ہمارا معاہدہ موجود ہے ، ہمیں آصف زرداری اور بلاول کی بات پر آج بھی اعتماد ہے، آصف زرداری سے درخواست ہے کہ اس مسودے کو اسمبلی میں لایا جائے، مسودے کو اسمبلی سے منظور کروا کر اس کو قانونی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد اس طرح نہیں ہورہا جس طرح ہونا چاہیے ، ہم نے وزير اعظم سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے، صورت حال بہتر نہ ہوئی تو اپنے فیصلے کریں گے، وزیراعظم کے کہنے پر 2 وزارتیں لی ہیں، جب تک بلدیاتی قانون نہیں بنتا کسی اورعہدے کو قبول نہیں کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات