بلدیاتی انتخابات میں بدترین دھاندلی اور پرتشدد واقعات جمہوریت پر بدنما داغ ہے،محمد حسین محنتی

بدھ 29 جون 2022 23:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2022ء) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے 26جون کو پہلے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو مسترد اور دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت قیام امن اور لیکشن کمیشن سندھ میں فری اینڈ فیئر انتخابات کرانے میں مکمل طور پر ناکام رہاہے،حکمران جماعت پیپلزپارٹی نے حکومتی سرپرستی میں پری پول اور پوسٹ پول دھاندلی کے تمام سابقہ رکارڈ توڑدیئے ہیں، پولیس وپولنگ عملے سمیت پوری انتخابی مشینری نے پیپلزپارٹی کے ورکرز کا کردار ادا کیا ، ایسے الیکشن کرانے سے بہتر تھا حکومتی پارٹی اپنے امیدواروں کی لسٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرواتی، پاکستان میں آزاد اور صاف شفاف الیکشن کا خواب کب پورا ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں صوبائی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ، صوبائی نائب امیرحافظ نصراللہ چنا، نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی، مولانا حزب اللہ جکھرو، مولانا عبدالوحید اورسیکرٹری اطلاعات مجاہد چنابھی ساتھ موجود تھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلحے کے زور پر پولنگ عملہ،بیلٹ باکس کی چوری ،پرتشدد واقعات،پولنگ اسٹیشن پر قبضہ،سرِعام ٹھپے لگانا اور قیمتی انسانی جانوں کا نقصان حکومتی نااہلی تو دوسری طرف بلدیاتی انتخابات کی شفافیت کے دعووں کی نفی ہے، مخالفین کے بڑے پیمانے پر فارم رد کروائے گئے اگر کوئی بچ گیا تو لالچ اور جھوٹے مقدمات قائم کرکے ڈرایا دھمکایا گیا،بلددیاتی انتخابات میں بدترین دھاندلی اور پرتشدد واقعات جمہوریت پر بدنما داغ ہے۔

ابھی دو دن ہی انتخابات کو نہیں گذرے کشمور سمیت سندھ میں پیپلز پارٹی کے وڈیروں کی انتقامی کاروائیاں شروع ہوگئیں ہیں۔ ہمارے کارکنان پر جھوٹے مقدمات قائم کئے جارہے ہیں۔