Live Updates

حمزہ شہبازکی شاہدرہ میں مقتول مجاہد علی کے گھر آمد، متاثرہ خاندان کو انصاف فراہمی کی یقین دہانی

بدھ 29 جون 2022 23:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف مقتول مجاہد علی کے اہل خانہ کی دادرسی کیلئے شاہدرہ پہنچے، وزیراعلی نے شاہدرہ میں مقتول مجاہد علی کے والد لیاقت علی، والدہ، بہنوں اور بھائیوں سے ملاقات کی اورمجاہد علی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی،وزیراعلی ٰنے متاثرہ خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے لخت جگر کو ناحق قتل کیا گیا، آپ کا پیارا بیٹا تو واپس نہیں لا سکتا لیکن انصاف ضرور دلائوں گا، وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے مقتول کے اہل خانہ کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائیں گے،میں خود اس کیس پر پیشرفت کا جائزہ لوں گا اور آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ انصاف ضرور ہو گا، حکومت آپ کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے، حمزہ شہباز نے متاثرہ خاندان کو 30 لاکھ روپے کی مالی معاونت کا چیک بھی دیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قانون پر عملدرآمد کرواکے سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو معاشرے میں عبرت کا نشان بنانا اور ہمارا سیاسی عزم ہے کہ ہم نے لاقانونیت کا قلع قمع کرنا ہے،انہوں نے کہاکہ گزشتہ چار سال سے سیف سٹی کے 35 فیصد کیمرے بند پڑے رہے، ہم پولیس کی استعداد کار بڑھانے پر توجہ دے رہے ہیں اور ٹیکنالوجی کی مدد سے اچھی پولیسنگ کے ذریعے جرائم کو کنٹرول کریں گے، اب پولیس میں ذاتی پسند و ناپسند پر تعیناتی نہیں ہوتی جبکہ ماضی میں سفارش پر پولیس میں تعیناتیاں کی گئیں، انہوں نے کہا کہ ہم قصور کو سٹڈی کیس بنارہے ہیں، جب بھی واقعہ ہوتاہے،اس پر پیش رفت کا ذاتی طور پر جائزہ لیتا ہوں،ہم پروفیشنلزم کو آگے لے کر آئیں گے، چیلنج ہیں اور ہم قبول کریں گے،انہوں نے کہا کہ تین مہینے میں پنجاب میں آئینی بحران پیدا کیا گیا،سپیکر پنجاب اسمبلی نے آئین اور قانون پر عملدرآمد کیا نہ صدر نے، صدر عمران نیازی کے حکم پر آئین شکنی کے مرتکب ہوئے، انہوں نے کہاکہ آئینی بحران کے باوجود پنجاب کے عوام کو 160روپے سستا 10کلو آٹے کا تھیلا دیا، یہ آئینی بحران ہمیں عوام کی خدمت سے نہیں روک سکا اور نہ آئندہ روک سکے گا، وزیر اعلی ٰنے کہا کہ کل یکم جولائی سے پنجاب کے تمام اضلاع میں ادویات اور کینسر کی دوا مریضوں کو مفت دینگے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات