ڈینگی کی انسدادی سرگرمیوں کی فیک رپورٹنگ روکنے کیلئے افسران کو آخری وارننگ

بدھ 29 جون 2022 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2022ء) صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے ڈینگی کی انسدادی سرگرمیوں کی فیک رپورٹنگ روکنے کیلئے افسران کو آخری وارننگ دے دی۔صوبائی وزیر نے صوبائی ڈینگی مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں اور چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے اجلاس کے دوران ڈینگی کی روک تھام کے سلسلہ میں انسدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریزاورتمام کمشنرزاورڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔تمام متعلقہ سیکرٹریزنے صوبائی وزیراور چیف سیکرٹری کو انسدادی سرگرمیوں کے حوالہ سے مفصل رپورٹ پیش کی۔سیکرٹری صحت علی جان خان،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور چیئرمین پی آئی ٹی بی نے ڈینگی کی انسدادی سرگرمیوں کے حوالہ سے تمام اضلاع کی کاکردگی رپورٹ پیش کی۔

(جاری ہے)

پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیاجارہاہے۔ڈینگی پر قابوپانے کیلئے تمام محکمہ جات کو اپنا کرداراداکرناہوگا۔ہم محنت سے ڈینگی پرقابوپاسکتے ہیں۔عوام سے ڈینگی سے متعلق احتیاطی تدابیر سختی سے اپنانے کی اپیل کرتے ہیں۔ڈینگی کی انسدادی سرگرمیوں کی جھوٹی رپورٹنگ کی شکایات ناقابل برداشت ہیں۔ فیلڈدفاترمیں صفائی ستھرائی کی ذمہ داری متعلقہ محکمہ جات کی ہے۔

تمام سیکرٹریزڈیش بورڈکوخودمانیٹرکریں۔ہم سب نے ایک خاندان کی مانندپنجاب کی عوام کیلئے کام کرناہے۔ڈینگی کے ساتھ ساتھ ہمیں ماسک کے استعمال کویقینی بناکرکوروناکوبھی شکست دینی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازڈینگی کی انسدادی سرگرمیوں کو خودمانیٹرکررہے ہیں۔چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے خود بھی تمام محکموں کو ڈینگی کے حوالے سے کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال زیادہ ڈینگی کیسز رپورٹ ہونا تشویشناک ہے۔محکمے ڈینگی سے متعلق ایس او پیز پرعملدرآمد یقینی بنائیں، کوتاہی قابل قبول نہیں۔ڈینگی پر قابو پانے کیلئے سرکاری اداروں، سول سوسائٹی سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔کسی ایک کی غفلت ڈینگی کیخلاف مشترکہ کوششوں کی ناکامی کا باعث بن سکتی ہے۔انسداد ڈینگی سرگرمیوں سے متعلق غلط رپورٹنگ کرنے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔چیف سیکرٹری نےکورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ماسک پہننے، سماجی فاصلہ رکھنے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔