آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی ادبی کمیٹی (شعروسخن) کے زیر اہتمام "ایک شام احمد حسین مجاہد کے نام " تقریب کا انعقاد

بدھ 29 جون 2022 23:22

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی ادبی کمیٹی (شعروسخن) کے زیر اہتمام "ایک ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جون۔2022ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی ادبی کمیٹی (شعروسخن ) کے زیر اہتمام تقریب "ایک شام احمد حسین مجاہد کے نام "کا اہتمام حسینہ معین ہال میں کیا گیا جس کی صدارت انور شعور نے کی جبکہ نظامت کے فرائض عنبرین حسیب عنبر نے سر انجام دیے ۔ تقریب میں احمد حسین مجاہد، عبدالرحمان مومن ، ڈاکٹر سلمان ثروت ، احمد سلمان ، حمیداللہ جدون ، سہر علی ، عنبرین حسیب عنبر ، سہر تاب رومانی ، ڈاکٹر رخسانہ صبا، اجمل سراج ، سلمان صدیقی نے اشعار ، غزلیں اور نظمیں پڑھ کر سنائی ۔

احمد حسین مجاہد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نعمتوں کا اپنا اپنا تصور ہو تا ہے، آپ کے محبتوںاور عنایتوں کے سائے میں آپ کے سامنے میں محسوس کر رہا ہوں کہ مجھ پر نعمتوں کی بارش ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

کراچی آرٹس کونسل کا یہ ہال یہ عمارت ایک بہت بلند مینار کی حیثیت رکھتا ہے جس کی روشنی پورے پاکستان میں بلکہ جہاںجہاں اردو لکھی جاتی ہے پڑھی جاتی ہے وہاںاس عمارت کی روشنی پہنچتی ہے جہاں تک یہ روشنی پہنچتی ہے وہاں تک کے لوگ یہاں اس عمارت میں آکر شعرو شاعری کی محفل میں شریک ہونا چاہتے ہیںہر آدمی کی خواہش کا مرکز یہ عمارت ہے آج آرٹس کونسل کو یہ اعتبار حاصل ہے میری خوش قسمتی ہے کہ آج محفل کی صدارت انور شعور صاحب فرما رہے ہیں ہم انہی کے سائے میں آگے بڑھتے رہے انہی کی رہنمائی میں ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔

آخر میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ندیم ظفر نے پھولوں کا تحفہ احمد حسین مجاہدکو پیش کیا۔عقیل خان نے احمد حسین مجاہد کو پوٹریٹ کا تحفہ دیا ۔