اسرائیل نے ایران اور حزب اللہ کے ہیکروں پر حملے کی دھمکی دے دی

حزب کے ہیکر اقوام متحدہ امن مشن کی معلومات تک رسائی کے لیے تیاری کر چکے ہیں،رپورٹ

جمعرات 30 جون 2022 12:45

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2022ء) اسرائیل نے ایرانی حمایت یافتہ لبنانی ملیشیا پر الزام لگایا ہے کہ اقوام متحدہ کی امن مشن کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے حزب اللہ نے سائبر کارروائیاں کرنے کی تیاری کی ہے۔ اس کے جواب میں اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ ہیکروں کو سخت جواب دیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیل کی اس دھمکی اور الزام کا لبنا ن سے کوئی فوری رد عمل نہیں آیا ۔

نہ ہی اس بارے میں ایران اور اقوام متحدہ کی لبنان میں موجود انٹیرم فورسز (یو این آئی ایف آئی ایل)کی جانب سے کوئی موقف سامنے آیا تاہم ایران اسرائیل کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ اسرائیل کی طرف سے اس چیز کا عوامی سطح پر کیا جانے والا پہلا اظہار ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع بینی گنٹز کی طرف سے لگائے الزام کے مطابق ایران کے سکیورٹی معاملات میں شریک حزب اللہ نے ہیکروں کی مدد سے یو این آئی ایف آئی ایل کے آپریشنز اور اس عالمی فوج کی زمین پر تعینات کیے جانے سے متعلق معلومات تک رسائی کے لیے مہم شروع کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے الزام میں اسے ایران اور اس کی حمایت یافتہ حزب اللہ کی طرف سے لبنانی عوام اور لبنان کے استحکام پر بھی ایک اور حملہ قرار دیا۔ اسرائیلی وزیر نے یہ الزام تل ابیب یونیورسٹی میں سائبر کانفرنس سے خطاب کے دوران لگایا ۔واضح رہے اقوام متحدہ کی امن فوج 1978 سے لبنان کی جنوبی سرحد پر نگرانی کے لیے گشت پر مامور ہے۔ یہ اس جنگ بندی کی مانیٹرنگ کی بھی ذمہ دار جو 2006 کی حزب اللہ اسرائیل جنگ میں ٹوٹ گئی تھی۔