مہران یونیورسٹی کے طلبہ کی ایک بار پھر عالمی سطح کےہواوے مقا بلوںمیں اول پوزیشن

جمعرات 30 جون 2022 14:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2022ء) مہران یونیورسٹی کے طلبہ نے ایک بار پھر عالمی سطح پر ہونے والے ”ہواوے مقابلہ جات“ میں اول پوزیشن حاصل کر لی۔ جامعہ کے ترجمان کے مطابق مقابلے میں پوری دنیا کے 143 ممالک سے منتخب شدہ 500 طلبہ نے حصہ لیاجن میں سے جامعہ مہران سے ڈاکٹر فہیم کھاوڑ کی سربراہی میں شعبہ ٹیلیکام کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی پہلی ٹیم میں لیڈر ستیش ، بھاگ چند اور اقرا فاطمہ پر مشتمل تھی جبکہ دوسری ٹیم میں گروپ لیڈر عدنان علی سمیت مختیار اور رضواشامل تھے۔ اس سے قبل بھی مشرقِ و سطیٰ کے ممالک بشمول بحرین، عراق، اردن، کوویت، لبنان، اومان، قطر، سعودی عرب اور عرب امارات کی 13 ٹیموں کے درمیان منعقدہ مقابلے میں جامعہ مہران کی دونوں ٹیموں نے اول پوزیشن حاصل کر کے گلوبل مقابلے کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔

(جاری ہے)

کامیاب ٹیموں کے طلبہ کو 3 ہزار امریکی ڈالر، لیپ ٹاپ اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ یاد رہے کہ ہواوے کمپنی ایکوسسٹم کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے سمیت جامعات اور کالجوں میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے تربیتی پروگرام اور ورکشاپ منعقد کراتی ہے۔ مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر فہیم اور ٹیم ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مہران یونیورسٹی کی اصل پہچان اور شان دراصل طالب علموں کی تحقیق اور کارکردگی ہے، ہمارے لئے ہمارے طلبہ کی کامیابی باعث فخر ہے۔