جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی کا اسلام آباد میں کُل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے دفتر کا دورہ

جمعرات 30 جون 2022 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2022ء) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی نے جمعرات کو اسلام آباد میں کُل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے دفتر کا دورہ کیا اور فورم کے نومنتخب کنوینر محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی کو مبارکباد دی۔ حریت کانفرنس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے سینئر حریت رہنما محمد مصدق عادل کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا جن کا حال ہی میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر میں انتقال ہوا تھا۔

(جاری ہے)

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کہ کل جماعتی حریت کانفرنس جموں کشمیر کے محکوم عوام کے اجتماعی جذبات، جدوجہد، مصائب اور قربانیوں کی نمائندگی کرتی ہے اور عام لوگوں میں اسے ایک اعلیٰ مقام حاصل ہے۔ انہوں نے شرکا کو اپنے دورہ ترکیہ اور وہاں کشمیر کے حق خودارادیت کے حق میں منظور ہونے والی متفقہ قرارداد کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے عہدیداران کشمیر کاز کے لیے انتھک اور خلوص سے کام کریں گے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے سیاسی اور سفارتی محاذوں پر ہر ممکن اقدام کریں گے۔