حلقہ بندیوں کے خلاف ایم کیوایم کی 3 درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو جواب جمع کرانے کے لئے 7 جولائی تک آخری مہلت

جمعرات 30 جون 2022 15:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2022ء) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے مختلف اضلاع کی حلقہ بندیوں کے خلاف ایم کیوایم کی 3 درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو جواب جمع کرانے کے لئے 7 جولائی تک آخری مہلت دیدی۔سندھ ہائیکورٹ میں کراچی کے مختلف اضلاع کی حلقہ بندیوں کے خلاف ایم کیوایم کی 3 درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ ایم کیو ایم کے وکیل شہاب امام ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ ضلع غربی میں ٹاونز کی تشکیل بھی غلط اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

اورنگی ٹاون، مومن آباد اور بلدیہ میں حلقہ بندیاں انتہائی غلط ہیں۔ اپیلیٹ اتھارٹی نے بھی ہمارا موقف نہیں سنا، یہ غیر منصفانہ عمل ہے۔ اگر حلقہ بندیاں درست نا ہوئیں تو انتخابات منصفانہ نہیں ہوں گے۔ صوبے میں بلدیاتی انتخابات شروع ہونے ہی والے ہیں، دوبارہ سماعت جلد کی جائے۔ ان علاقوں کی غلط حلقہ بندیوں سے ضلع غربی اور کیماڑی متاثر ہونگے۔ اب تک الیکشن کمیشن نے جواب جمع نہیں کرایا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو جواب جمع کرانے کیلئے 7 جولائی تک آخری مہلت دیدی۔