Live Updates

مسلم لیگ(ن) حکومت ملک کی معیشت کو اپنے پائو ں پر کھڑا کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کررہی ہے،چودھری جعفراقبال

پی ٹی آئی حکومت کی آئی ایم ایف سے کڑی شرائط کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کی معیشت کو اپنے پائو ں پر کھڑا کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کررہی ہے،مسلم لیگی رہنما

جمعرات 30 جون 2022 16:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2022ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سنیئر رہنما وسابق ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی و سینیٹر چودھری جعفراقبال نے کہاہے کہ ملکی معیشت کی بحالی کیلئے موجودہ حکومت کو سخت فیصلے کرناپڑ رہے ہیں،عمران نیازی نے ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھا،پی ٹی آئی حکومت کی آئی ایم ایف سے کڑی شرائط کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کی معیشت کو اپنے پائو ں پر کھڑا کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کررہی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مجبوری میں کیاگیا ہے،مسلم لیگ(ن) عوام کو ہر صورت ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات لانگ مارچ اور دھرنوں کے نہیں کیونکہ پی ٹی آئی نے پونے چارسالوں میں سیاسی اور معاشی بحران پیدا کرکے پوری قوم کو مسائل اور بحرانوں کی دلدل میںدھکیل دیاہے،ریاست مدینہ کے دعویدار پہلے خودکو احتساب کیلئے پیش کرنے سمیت اپنے دور میںوزراء اور مشیروں کے تیزی سے بڑھنے والے اثاثوں کی چھان بین میں روڑے اٹکانے سے باز آئیں جس شخص کا اپنااور جماعت کا دامن کرپشن سے اٹاپڑا ہو اسے دوسرے بھی چور نظر آتے ہیں ،عمران نیازی نہ صرف خود قومی خزانے کو نقب لگانے کے جرم کے مرتکب ہیں بلکہ ان کے حواری بھی کسی طرح پیچھے نہیں رہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنماچودھری جعفراقبال نے مزیدکہاکہ قائد میاں نوازشریف جرات کی علامت ہیں جنہوںنے ہمیشہ تمام ترمسائل اور بحرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنے دور اقتدار میں ہمیشہ ملک دشمن طاقتوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کرکھڑے رہے، یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان دنیا میں اسلامی ایٹمی قوت کے طورپر پورے قدکاٹھ سے دنیا کے سامنے کھڑا ہے، عمران نیازی اینڈ کمپنی نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے ،عمران نیازی کے خلاف نہ کوئی سازش ہوئی اور نہ دھمکی آمیز خط ،آج قوم کو گمراہ کررہاہے،ان کی حکومت کے جومعاشی حالات وزیراعظم میاں شہبازشریف کو ملے ہیں وہ بڑے مایوس کن ہیں لیکن عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات اولین ترجیح ہیں، مہنگائی، بیر وزگاری،لوڈشیڈنگ اور ملک کی معاشی طورپر تباہی کرنے جیسے کاموں کا کریڈٹ تو نام نہاد تبدیلی سرکار کوہی جاتاہے اس نام نہاد تبدیلی سرکار نے پونے چار تک عوام کی زندگی اجیرن بنائے رکھی،عوام پر لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط کیا ان کی پالیسیوںکی وجہ سے لوگوں کے چلتے چلاتے کاروبار ٹھپ ہوکررہ گئے،ہم اقتدار میں پی ٹی آئی کی طرح کسی چور دروازے سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹوں سے آئیںہیں اور آئندہ بھی آئیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات