عبدالرشید ترابی کا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا دورہ ، نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد

جمعرات 30 جون 2022 17:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2022ء) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے سابق امیرعبدالرشید ترابی نے بدھ کو اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کا دورہ کیا اور نومنتخب کنوینر محمود احمد ساغراوردیگر عہدیداران بشمول جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی کو مبارکباد دی۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالرشید ترابی نے سینئر حریت رہنما محمد مصدق عادل کی وفات پر بھی تعزیت کا اظہار کیا جن کا حال ہی میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپورمیں انتقال ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوںنے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس جموں وکشمیر کے محکوم عوام کے اجتماعی جذبات، جدوجہد، مصائب اور قربانیوں کی نمائندگی کرتی ہے اور عام لوگوں میں اسے ایک اعلیٰ مقام حاصل ہے۔

انہوں نے شرکا کو اپنے ترکی کے دورہ اور وہاں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں منظور ہونے والی متفقہ قرارداد کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے منتخب عہدیداران کشمیر کاز کے لیے انتھک اور خلوص سے کام کریں گے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے سیاسی اور سفارتی محاذوں پرہر ممکن اقدام کریں گے۔